عراق میں خود کش دھماکوں اور تشدد کے دیگر واقعات میں دو امریکی فوجیوں سمیت سترہ افراد ہلاک،بغداد میں آپریشن کے دوران اٹھائیس مزاحمت کارگرفتار کرلئے گئے

بدھ 21 فروری 2007 15:33

عراق میں خود کش دھماکوں اور تشدد کے دیگر واقعات میں دو امریکی فوجیوں ..
بغداد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21فروری2007 ) عراق میں خود کش دھماکو‌ں اور تشدد کی دیگر کارروائیوں میں دوامریکی فوجی سمیت سترہ افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوگئے۔جبکہ عراقی فوج نے بغداد میں جاری آپریشن کے دوران تین مزاحمت کار ہلاک اور اٹھائیس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبہ الانبار میں مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں دو امریکی فوجی مارے گئے۔

امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ترمیہ کے علاقے میں فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں سترہ کے بجائے انتیس امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔عراقی پولیس کے مطابق نجف میں ایک مارکیٹ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش کار حملے میں چار پولیس اہلکار سمیت گیارہ افراد ہلاک اور انتیس زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

کرکوک میں دو بم دھماکوں مین انیس افراد زخمی ہوگئے۔

عراقی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مزاحمت کار ہلاک اور اٹھائیس گرفتار کرلئے گئے۔ادھر کینٹیکی کے ایک ملٹری بیس میں کورٹ‌مارشل کے دوران چوبیس سالہ امریکی فوجی سارجنٹ‌پال کرٹیز کیخلاف عراق کے شہر ‌محمدیہ میں ایک چودہ سالہ لڑکی سے زیادتی کے بعد اسے اہل خانہ سمیت قتل کی فردجرم عائد کردی ہے ۔ اس مقدمے میں‌اس کے ایک ساتھی فوجی پہلے ہی نوے برس قید کی سزا سنائی جاچکی ہے ۔ ملزم نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اس واقعے میں اس لڑکی اور اس کی چھ سالہ بہن سمیت والدین کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔اس نے عدالت کو بتایا کہ بعد میں‌ ثبوت مٹانے کیلئے تمام افراد کی لاشیں‌جلانے کی کوشش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :