آسٹریلین ٹیم کو ایک اور دھچکا…… بریٹ لی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے

جمعہ 23 فروری 2007 12:20

آسٹریلین ٹیم کو ایک اور دھچکا…… بریٹ لی  ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے
سڈنی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23فروری2007 )آسٹریلوی فاسٹ باؤلر بریٹ لی ٹخنے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ سٹورٹ کلارک کو ٹیم میں شامل کرلیاگیا ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بریٹ لی پچھلے ہفتے ویلنگٹن میں ٹریننگ سیشن کے دوران زخمی ہوئے تھے جس کے باعث آرتھوپیڈک سرجن نے معائنے کے بعد انہیں تین ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس ضمن میں ٹیم ڈاکٹر ٹریفر جیمز کا کہنا ہے کہ بریٹ لی دو سے تین ماہ تک بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

آسٹریلوی چیئرمین آف سلیکٹر اینڈریو ہلڈِچ کے مطابق بریٹ لی کی عدم شمولیت سے آسٹریلوی ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے منصوبہ بندی اور تیاریوں پر منفی اثر پڑے گا کیونکہ میک گرا کے بعد آسٹریلوی باؤلنگ کا سارا بوجھ بریٹ لی پر تھا بریٹ لی اور میک گرا کی عدم شمولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیوزی لینڈ نے حال ہی میں آسٹریلیا کو چیپل اینڈ ہیڈلی ٹرافی میں 3-0سے شکست دی جو ہمارے لئے باعث تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بریٹ لی کا ان فٹ ہونا ہمارے لئے ناقابل تلافی نقصان ثابت ہو سکتا ہے ۔ادھر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو لکھے گئے ایک خط میں بریٹ لی کی جگہ اسٹوارٹ کلارک کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت طلب کی ہے کلارک ورلڈ کپ کے لیے اعلان کیے گئے 15 رکنی آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا اپنا پہلا میچ 14مارچ کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی دوسری جانب آسٹریلین سلیکٹر آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز کے فٹ ہونے کا بھی انتظار کررہے ہیں تاکہ انہیں سکواڈ میں شامل کیا جاسکے ۔ اینڈریو سائمنڈز جن کے بازو کی حال ہی میں سرجری ہوئی ہے توقع ہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلوی ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔