عراق‘ خود کش حملے و جھڑپیں، طلباء سمیت 67 افراد ہلاک، متعدد زخمی۔زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، بعض کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ۔امریکی فوج کا القاعدہ کے مقامی کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

اتوار 25 فروری 2007 19:04

عراق‘ خود کش حملے و جھڑپیں، طلباء سمیت 67 افراد ہلاک، متعدد زخمی۔زخمیوں ..
بغداد+کرادا+موصل (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25فروری2007 ) عراق کے دارالحکومت بغداد کی مستنصریہ یونیورسٹی کے ایک کالج کے مرکزی دروازے پر خود کش حملے کے نتیجے میں طلباء سمیت کم سے کم 50 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ، جبکہ خود کش حملے سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ دھماکوں و تشدد کے دیگر واقعات میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، ادھر امریکی فوج نے موصل سے القاعدہ کے ایک مقامی کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو یہاں بغداد کے ایک کالج کے باہر دھماکہ خیز مواد کا بیلٹ پہنے ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہستپالوں میں منتقل کر دیا گیا زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر طلباء تھے جو اس وقت کالج کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور اکنامکس میں موجود تھے۔ پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور نے خود کو کالج کے مرکزی دروازے کے قریب اڑا دیا جبکہ اس دوران طلباء مڈٹرم کے امتحانات دے رہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ محافظوں نے خود کش حملہ آور کو گیٹ پر روکا جس دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

پولیس کے مطابق کالج المستنصریہ یونیورسٹی کا ہے۔ جبکہ واقعے کے بعد عراق پولیس و فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دوسری جانب جنوبی بغداد میں راکٹ حملوں میں 10 افراد جبکہ انتہائی سخت سیکورٹی والے علاقے گرین زون میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق راکٹ حملے امریکی فوج اور مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپوں کے بعد کئے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق راکٹ کے نتیجے میں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کنوشہ راکٹ تھے جو جوابی وشیر کے علاقے میں گرے۔ دریں اثناء بغداد کے وسطی ضلع کرادا میں انتہائی سخت سیکورٹی والے علاقے گرین زون میں ایرانی سفارت خانے کے قریب ایک زور دار کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تاہم ایرانی سفارتخانے کے اہلکار نے بتایا کہ دھماکے سے سفارت خانے کی عمارت کو نقصان نہیں پہنچا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں سفارتخانے کا کوئی اہلکار شامل نہیں۔ جبکہ وسطی بغداد میں ایک اور کار بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ ادھر شمالی شہر موصل میں امریکی فوج نے جھڑپ کے دوران 2مسلح افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ القائدہ کے ایک مقامی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ عراقی وزارت داخلہ نے کہا کہ مغربی صوبہ الانبار میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔