Live Updates

کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کو یاد گار بنانا چاہتا ہوں ،انضمام الحق ،ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی سے ایونٹ کی تیاریوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور تنازعات کا ازالہ کریں گے،میگا ایونٹ جیت کر عمران خان کی روایت کو برقرار رکھوں گا،غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو

پیر 5 مارچ 2007 13:07

کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کو یاد گار بنانا چاہتا ہوں ،انضمام الحق ،ورلڈ ..
جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2007ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کو یاد گار بنانا چاہتے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی سے ایونٹ کی تیاریوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور تنازعات کا ازالہ کردے گی ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کا آخری میگا ایونٹ جیت کر عمران خان کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں انضمام الحق نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا اپنا دور ہوتا ہے جس میں وہ کبھی ان فارم ہوتا ہے اور کبھی آؤٹ آف فارم کبھی وہ ٹیم میں ان ہوتاہے اور کبھی آؤٹ پھر ایک نہ ایک دن اس کے کیرئیر کا خاتمہ ہوتا ہے میرا کیریئر بھی اب اختتام کے قریب ہے اس لئے بھرپور کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے اس میگا ایونٹ کو اپنی غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے ہمیشہ کیلئے یادگار بنادوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شعیب اختر اور محمد آصف کے فٹنس مسائل سے اگرچہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو دھچکا لگا ہے تاہم اب تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پرعزم ہیں کہ کیریبین سرزمین پر کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ وہ پاکستان لے کر جائیں گے ۔انضمام الحق نے کہا کہ کافی محنت کررہا ہوں اور امید ہے کہ ورلڈ کپ میں اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی وکٹیں ایشیائی طرز کی ہیں اور پاکستانی بیٹسمینوں کوسوٹ کرتی ہیں ۔

پانچویں مرتبہ ورلڈکپ میں حصہ لینے والے تجربہ کار بلے باز نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر مکمل بھروسہ ہے نوجوان کھلاڑی کافی محنت کررہے ہیں اور جیت کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کو آسان نہیں لیں گے اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے پرامید ہوں کہ ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے ۔

انضمام الحق نے محمد آصف اور شعیب اختر کی عدم موجودگی میں اظہر محمود، یاسر عرفات اور محمد سمیع کی ٹی میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم ٹف ہوسکتی ہے لیکن صرف ایک کھلاڑی میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے اور پاکستانی ٹیم میں اکثر ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ اپنے حق میں کرسکتے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات