عراق میں خودکش کار بم دھماکہ ، فائرنگ50 افراد ہلاک،درجنوں زخمی، وزیراعظم نوری المالکی کا برطانوی افواج کی جانب سے عراقی انٹیلی جنس کے دفتر پر چھاپے کی مذمت، تحقیقات کا حکم دیدیا،القاعدہ نے برطانوی شہزادے ہیری کوعراق میں تعینات کرنے کی صورت میں ہلاک یا اغواء کرنے کی دھمکی دیدی۔اپ ڈیٹ

پیر 5 مارچ 2007 16:12

عراق میں خودکش کار بم دھماکہ ، فائرنگ50 افراد ہلاک،درجنوں زخمی، وزیراعظم ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2007ء) عراقی دارالحکومت بغداد میں خودکش کار بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں50 افراد ہلاک او ردرجنوں زخمی ہوگئے ، جبکہ وزیراعظم نوری المالکی نے اتحادی فوج کی جانب سے عراقی انٹیلی جنس کے دفتر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے، ادھر القاعدہ نے دھمکی دی ہے کہ برطانوی شہزادے ہیری کو عراق میں بھیجا گیا تو اسے ہلاک یا اغواء کرلیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی پولیس نے بتایا کہ پیر کے روزخود کش کار بم دھماکہ وسطی بغداد کے مصروف کتب بازار میں کیا گیا،جب ایک خود کش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کار کو دھماکے سے اڑا دیا۔دھماکے کے وقت بازار میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

دھماکے سے 45افراد ہلاک اور درجنوں ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر ہے۔

دھماکے سے آس پاس کھڑی متعدد گاڑیوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ادھرپولیس کے مطابق شمالی بغداد کے علاقے باب المداماریا اور جنوبی بغداد میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پانچ زائرین کو ہلاک کر دیا۔فائرنگ سے چھ زائرین زخمی بھی ہوئے۔ دریں اثناء عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے گزشتہ روز بصرہ میں عراقی انٹیلی جنس کے دفتر پر برطانوی فوج کے چھاپے کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا اور کہاہے کہ اس غیرذمہ دارانہ اور غیرقانونی اقدام کے ذمہ داروں کوقرارواقعی سزا دی جائے۔

ادھر ایک امریکی اخبار کے مطابق القاعدہ نے اپنی ویب سائٹ پر دھمکی دی ہے کہ اگر برطانوی شہزادے ہیری کو عراق میں تعینات کیا گیا تو اس کو ہلاک یا اغواء کرلیا جائے گا۔پیغام میں کہا گیاہے کہ شہزادہ ہیری کوعراق میں مسلمانوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے کے لئے بھیجا جائے گااوراس کے ساتھ بھی وہی ہوگا جو اس کے دیگرساتھیوں کے ساتھ ہوتا رہا ہے۔واضح رہے کہ 22 سالہ ہیری کو بلواینڈرائل رجمنٹ کے تحت مئی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عراق میں تعینات کیاجارہاہے۔