ورلڈ کپ 2007ء کا افتتاح سحر انگیز ،رنگا رنگ اور پروقار تقریب کے ساتھ کردیا گیا، سر گیری سوبرز مہمان خصوصی تھے ، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ،افتتاحی میچ میں آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین معرکہ آرائی ہوگی، کانٹے دار مقابلے کی توقع ،عزم اور حوصلے سے میدان میں اتریں گے، میزبان ٹیم کوشکست دینے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے، انضمام الحق ،مقابلہ سخت ہوگا، فتح کیلئے سر توڑ کوشش کریں گے ،برائن لارا

پیر 12 مارچ 2007 13:28

ورلڈ کپ 2007ء کا افتتاح سحر انگیز ،رنگا رنگ اور پروقار تقریب کے ساتھ کردیا ..
جمیکا (اُرددو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔ 2007ء ) دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2007کا افتتاح جمیکا میں رنگارنگ، شاندار اور پروقار تقریب کے ساتھ ہوگیا،لیجنڈ ویسٹ انڈین کرکٹر سر گیری سوبرز تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ، افتتاحی تقریب کو دیکھنے کیلئے سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا ، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ (آج) منگل کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا جائیگا ،دونوں کپتانوں کی جانب سے جیت کے دعوے ۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2007ء کا افتتاح جمیکا میں شاندار تقریب کے ساتھ کردیا گیا سر گیری سوبرز جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے ورلڈ کپ 2007ء کا افتتاح کیا اس کے علاوہ اس کے علاوہ ویسٹ انڈین اعلیٰ حکام اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر پرسی سون سمیت دنیا بھرسے مختلف اہم شخصیات بھی اس تقریب میں شریک تھیں ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے آغاز پر ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا اور ہاتھ ہلا ہلا کر تماشائیوں کی بھرپور دار کا جواب دیا ۔

ورلڈ کپ کا افتتاح کرتے ہوئے سر گیری سوبرز نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے طویل عرصے بعد ایک مرتبہ پھر کیریبین سرزمین پر دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ منعقد ہورہا ہے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنا یا جائیگا ۔ انہو ں نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی کینڈین کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے ٹورنامنٹ کو یادگار بنانے کیلئے ہر ملک کے کھلاڑیوں کو ٹیم سپرٹ کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

جونہی سر گیری سوبرز نے ورلڈ کپ 2007ء کے افتتاحی کلمات کہے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ شروع ہوگیا اور جمیکا کا ٹریلوینی سٹیڈیم رنگوں اور روشنیوں میں نہا گیا آتش بازی کے اس شاندار مظاہرے پر سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے منتظمین کو دل کھول کر داد دی ۔ورلڈ کپ کی اس افتتاحی تقریب کا اہتمام جمیکا کے ٹریلوینی اسٹیڈیم میں کیا گیا تھا جس میں کیریبین تہذیب و ثقافت کا شاندار اورانوکھے اندازمیں مظاہرے کیے گئے۔

اس سحر انگیزتقریب میں جہاں کیریبین کے کئی جانے مانے اور مشہور آرٹسٹوں نے حصہ لیا وہیں اس میں دیگر ممالک سے بھی آرٹسٹ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔یہ کرکٹ ورلڈ کپ تقریب کا پہلا موقع تھا کہ جہاں دنیائے گلوکاری کے دو مشہور ناموں فایان اور شیگی نے پہلی بار ایک ساتھ پرفارم کیا،ان دونوں نے ورلڈ کپ 2007کے آفیشل گانے میں ایک ساتھ جوہر دکھائے ۔ورلڈ کپ کرکٹ کے افتتاح کی اس تقریب کو یادگار اور شاندار بنانے کیلئے دنیا بھر سے تقریباً 2000افرادشریک تھے جبکہ اس سحر انگیز افتتاحی تقریب کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

اس رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے اوراب پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ( آج) منگل کو مد مقابل ہوں گے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے تاہم پاکستان کو ماہرین نے فیورٹ قرار دیا ہے ۔ کرکٹ کے اس میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے دونوں ٹیمیں جمیکا پہنچ چکی ہیں انہوں نے گزشتہ روز نیٹ پریکٹس کی ۔

اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ٹیم اس وقت بھرپور فارم میں ہے اور وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور افتتاحی میچ میں عمدہ کارکردگی کے لئے بے چین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میچ میں ٹاس انتہائی اہم کردار ادا کرے گی جو ٹیم بھی ٹاس جیتے گی پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دے گی ۔

انضمام الحق نے کہا کہ پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور میزبان ٹیم کو پہلے میچ میں شکست دینے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ انضمام الحق نے کہا کہ گروپ کے تمام میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے ۔ ادھر ویسٹ انڈین کپتان برائن لارا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سخت مقابلے کی توقع ہے ہمیں میچ میں کامیابی کیلئے سر توڑ کوشش کرنا ہوگی انہوں نے کہاکہ کرس گیل اور چندر پال ہماری امیدوں کے محور ہوں گے اگر بیٹنگ کلک کرگئی تو فتح آسان ہوگی ۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :