امریکی محکمہ دفاع نے عراق کے حوالے سے حالیہ حکمت عملی میں ناکامی کی صورت میں امریکی فوج کی واپسی کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی

پیر 12 مارچ 2007 16:39

امریکی محکمہ دفاع نے عراق کے حوالے سے حالیہ حکمت عملی میں ناکامی کی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2007ء) امریکی محکمہ دفاع نے عراق کے حوالے سے حالیہ حکمت عملی میں ناکامی کی صورت میں امریکی فوج کی واپسی کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے ۔ امریکی روزنامے کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ عراق سے امریکی فوج کی واپسی سن انیس سو اسی میں ایل سلواڈور میں امریکی فوج کی موجودگی کے تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کی جارہی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق عراق میں امریکی فوج میں کمی یا واپسی کیلئے نئی منصوبہ بندی کا اندازہ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے حالیہ بیانات سے لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو بتایا تھا کہ عراق کیلئے حکمت عملی میں ناکامی کی صورت میں فوج کی واپسی کا منصوبہ بنایا جائے گا۔ فوج کی واپسی کے نئے مجوزہ منصوبے میں عراق اسٹڈی گروپ کی سفارشات بھی شامل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

روزنامے کے مطابق پینٹاگون کے سینیئر اہلکار کا کہنا ہے کہ عراق اور پڑوس کے چند ملکوں کے عوام خطے میں غیر ملکی فوج کی موجودگی برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جوائنٹ چیف آف اسٹاف چیئرمین پیٹر پیس نے کانگریس کو دیئے گئے بیانات اور پینٹاگون کے اجلاسوں میں ایل سلواڈور کی خانہ جنگی میں امریکی فوج کے کردار کے متعدد حوالے دیئے ہیں۔ انیس سو اکیاسی سے انیس سو بانوے کے دوران امریکی فوج نے ایل سلواڈور کی فوج کو باغیوں کے خلاف مستحکم کرنے میں اہم کردار اداکیا تھا۔

متعلقہ عنوان :