باب وولمر کی میت تحقیقات مکمل ہونے تک جمیکا میں ہی رہے گی ۔ انتظامیہ

ہفتہ 24 مارچ 2007 14:33

باب وولمر کی میت تحقیقات مکمل ہونے تک جمیکا میں ہی رہے گی ۔ انتظامیہ
جمیکا ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007 ) جمیکا کی انتظامیہ نے آنجہانی پاکستانی کوچ باب وولمر کے قتل کی انکوائری کرانے کا حکم دیا ہے اور باب وولمر کی فیملی کو اس بارے میں مطلع کردیا گیا ہے کہ جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی باب وولمر کی میت جمیکا میں ہی موجود رہے گی ۔ جمیکا کے خبر رساں ادارے نے کہا کہ پولیس کمشنر لوئیس تھامس کے مطابق انکوائری میں باب وولمر کے قتل کی اصل وجوہ کا جلد از جلد پتہ چلا لیا جائیگا ۔

جمیکا کے ایک ٹی وی چینل کے مطابق پاکستانی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ڈیرن لفسن اور ٹرینر مرے سٹیفن انکوائری مکمل ہونے تک جمیکا میں ہی موجود رہیں گے ڈیرن لفسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے باب وولمر کی فیملی سے وعدہ کیا ہے کہ ہم اس وقت تک یہاں قیام کریں گے جب تک تمام حقائق کا پتہ نہیں چلا لیا جاتا پولیس پہلے وولمر فیملی کو مطلع کرے گی پھر ہمیں بتایا جائیگا اور پھر ہم ٹیم کو تمام حقائق سے آگاہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کے آنجہانی کوچ باب وولمر 18 مارچ کو کنگسٹن میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں بیہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جو بعد ازاں انتقال کرگئے تھے اور پانچ دن کے بعد ان کی موت کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان کی موت گلا دبانے سے واقع ہوئی ہے اس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فنگر پرنٹس لئے گئے تھے اور انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ تمام کھلاڑی اپنے ڈی این اے ٹیسٹ کرائیں ۔ جمیکن پولیس کے ڈپٹی کمشنر مارک شیلڈز نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ ہم پاکستانی ٹیم پر شک کررہے ہیں یا وہ اس کیس میں ملوث ہیں بلکہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اس کیس کی تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جائے ۔