Live Updates

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہوئی بھی تو ہرگز قبول نہیں کرونگا ۔ عمران خان

ہفتہ 24 مارچ 2007 18:30

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کوئی پیشکش نہیں کی گئی  ہوئی بھی تو ہرگز ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007) پا کستان کر کٹ ٹیم کے سابق کپتا ن اور عظیم ال راؤ نڈ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے انہیں ذمہ داری ادا کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی اور اگر ایسی کوئی پیشکش ہوئی بھی تو وہ ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں کرکٹ سے متعلق مشورہ ضرور دینے کیلئے تیار ہوں مگر سیاسی و دیگر مصروفیات کے باعث کرکٹ کی ذمہ داری قبول نہ کروں گا۔

اپنے دور کے عظیم بول عمران خان نے کہا کہ ملک کے دیگر اداروں کی طرح کھیلوں کے ادارے بھی تباہی کے کنارے پر پہنچ چکے ہیں۔ کرکٹ تقریباً ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ ہاکی زبوں حالی کا شکار ہے جبکہ اسکواش کا کھیل ماضی کا حصہ بن چکا ہے چنانچہ صرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں اداروں کو مستحکم بنایا جائے جس سے قومی کھیلوں کے ادارے بھی مضبوط ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نیکہا کہ قومی کرکٹ کو فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ ذاتی مفادات کیلئے بے شمار لوگ آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں حقیقی معنوں میں کرکٹ اور قومی کرکٹ ٹیم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں قومی کرکٹ کے طاقتور ترین کپتان عمران خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایڈہاک ازم کو ختم کرکے بورڈ کا آئین دوبارہ نافذ کیا جائے جبکہ صدر پاکستان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نامزد کرنے کا قطعی اختیار نہیں ہونا چاہیے۔

بار بار بورڈ کے چیئرمین تبدیل کیے جانے سے بھی کرکٹ پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ عالمی کپ کے دوران قومی ٹیم کے کوچ باب وولمر کی ہلاکت افسوسناک ہے باب وولمرکو میچ فکسنگ کے حوالے سے معاملات کے باعث قتل کیے جانے کا امکان کم ہے۔ قتل کے اصل محرکات پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے اور ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب کسی غیر ملکی کو قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ ہرگز نہ بنایا جائے گا جبکہ موجودہ صورتحال میں سابق تیز بولر عاقب جاوید اس عہدے کیلئے بے حد موزوں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات