عالمی کرکٹ کپ میں بھارت ٹیم کی سری لنکا ہاتھوں شکست، کھلاڑیوں کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے، پتلے نذر آتش، ٹیم کا جنازہ نکالا گیا۔مظاہروں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں کے گرد سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔ٹیم کی واپسی پر ناکامی کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لیا جائے گا اور اصلاح کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ

ہفتہ 24 مارچ 2007 18:55

عالمی کرکٹ کپ میں بھارت ٹیم کی سری لنکا ہاتھوں شکست، کھلاڑیوں کیخلاف ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007) ورلڈ کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر پورے بھارت میں ٹیم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس دوران ٹیم میں کھلاڑیوں کے پتلے نذر آتش کئے گئے جبکہ ٹیم کا جنازہ نکالا گیا ہے۔ ان واقعات کے بعد کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی واپسی پر ناکامی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا اور اصلاح کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2007ء میں سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کی کرکٹ ٹیم کی زبردست شکست کیخلاف بھارتی عوام سراپا احتجاج بن گئے اورانہوں نے اس پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور شائقین نے مایوسی کے عالم میں کھلاڑیوں کیخلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا اور دہلی‘ بھوپال‘ کولکتہ‘رانچی ‘بنارس اور ممبئی سمیت کئی شہروں میں بھارتی ٹیم کے،خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورکھلاڑیوں کے پتلے نذر آتش کئے گئے جبکہ بنارس میں ٹیم کا جنازہ نکالا گیا ہے جبکہ اندور میں کھلاڑیوں کے سر منڈھوائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہروں کے پیش نظر سچن ٹنڈولکر‘ وریندر سہواگ‘ ہربھجن سنگھ اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی رہائش گاہوں پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹیم کی واپسی پر ناکامی کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لیا جائے گا اور اصلاح کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر شردپوار نے کہا ہے کہ انہیں بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا بھارت ایسا ملک ہے جس کا بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو اس امید کے ساتھ سب سے زیادہ سہولیات فراہم کرتا اور ان کی مدد کرتا ہے کہ وہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے لیکن سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔