پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپسی کیلئے لندن پہنچ گئی۔ انضمام‘ مشتاق اور ٹیم منیجر سے دوبارہ پوچھ گچھ مشتاق احمد سے ناک کے زخم‘ طلعت علی سے کمرے کی تبدیلی اور انضمام سے واقعے کی رات بستر پر جانے اور صبح اٹھنے کے اوقات کے بارے میں استفسار۔پوچھ گچھ معمول کی نوعیت کی تھی‘ وولمر کے قتل میں پاکستانی ٹیم کو ملوث سمجھنا احمقانہ سوچ ہوگی‘ روانگی سے قبل انضمام کی بات چیت۔انضمام‘ مشتاق اور طلعت علی سے چند نکتوں پر وضاحت مانگی گئی تھی‘ پاکستانی ٹیم کو کلیئرنس مل گئی ہے ۔جمیکا کے ڈپٹی کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس

اتوار 25 مارچ 2007 11:49

پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپسی کیلئے لندن پہنچ گئی۔ انضمام‘ مشتاق اور ..
جمیکا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25 مارچ 2007) پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپسی کیلئے مونٹی گوبے سے لندن پہنچ گئی ٹیم کچھ عرصہ قیام کرے گی۔مونٹی گوبے سے روانگی سے قبل کپتان انضمام الحق‘ اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد اور ٹیم منیجر طلعت علی سے پولیس نے باب وولمر کے قتل کیس کے حوالے سے دوبارہ تفتیش کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کی کرکٹ ٹیم اتوار کے روز وطن واپسی کیلئے مونٹی گوبے سے لندن کے لئے روانہ ہوگئی۔

مونٹی گوبے سے پاکستانی ٹیم فلائٹ نمبر جے ایم زیرو تھری کے ذریعے لندن روانہ ہوئی۔ روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق‘ اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد اور مینجر طلعت علی سے جمیکن پولیس نے باب وولمر قتل کیس کے حوالے سے دوبارہ تفتیش کی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد سے ان کے ناک پر زخموں کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ آئر لینڈ کے ساتھ میچ سے قبل وارم اپ سیشن کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ٹیم مینجر طلعت علی سے بھی باب وولمر کی موت کی رات ہوٹل میں کمرے کی تبدیلی کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی انضمام الحق سے واقعہ کی رات بستر پر جانے اور کب اٹھنے کے بارے میں تفصیلی سوالات کئے گئے۔ لندن روانگی سے کچھ دیر قبل ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انضمام الحق نے بتایا کہ پوچھ گچھ معمول کی نوعیت کی تھی کچھ سوالات کرنے سے رہ گئے تھے جو پولیس نے کئے انضمام الحق نے کہا کہ پولیس نے ان سے جو سوالات کئے وہ اس بارے میں کچھ نہیں بتا سکتے۔

ایک سوال کے جواب میں انضمام نے کہا کہ جو لوگ باب وولمر قتل کیس کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ احمقانہ سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل میں کسی پاکستانی کھلاڑی کے ملوث ہونے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔ دوسری جانب جمیکا میں ڈپٹی کمشنر پولیس مارک شیلڈ نے پریس کانفرنس میں انضمام الحق‘ مشتاق احمد اور طلعت علی سے دوبارہ پوچھ گچھ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان تینوں افراد سے چند نکتوں پر وضاحت مانگی گئی تھی جس کے بعد انہیں لندن روانگی کی اجازت دی گئی انہوں نے بتایا کہ وولمر قتل کیس کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کو کلیئرنس مل گئی ہے اور اب اس کیس کی تفتیش میچ فکسنگ کے پہلو سے بھی کریں گے اس موقع پر واشنگٹن سے آئے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کے دونوں اہلکار بھی موجود تھے۔