گھی کی قیمتوں میں پہلی مرتبہ ریکارڈ اضافہ ‘قیمتوں پر کنٹرول کرنا مشکل ہو گیا

منگل 10 اپریل 2007 15:31

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10 اپریل 2007) گھی کی قیمتوں میں پہلی مرتبہ ریکارڈ اضافہ ہواہے ۔ 16کلو گھی کے درجہ اول ٹین کی قیمت میں30روپے ،درجہ دوم اور سوم کی قیمت میں 40روپے اضافہ ہوگیا۔اول درجہ گھی کے ٹین کی قیمت 1230روپے سے بڑھ کر 1260روپے تک پہنچ گئی جبکہ درجہ دوم کے ٹین کی قیمت 1180سے 1220 روپے اوردرجہ سوئم کے ٹین کی قیمت1160روپے سے 1200روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

گھی ملز مالکان کے مطابق عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت میں اضافہ کے بعد اب مقامی مارکیٹ میں گھی کی قیمت میں کنٹرول کرنا مشکل ہوگیاہے ۔ حکومت اب پام آئل پر درآمدی ڈیوٹی کوکم بھی کردے تو اس کے اثرات عوام کومنتقل نہیں ہوں گے۔جب 600ڈالر فی ٹن پام آئل تھا اس وقت ڈیوٹی کم کرنے کی سفارشات سامنے آئی تھیں لیکن اب پام آئل کی قیمت میں ہوشربا اضافے سے گھی کی قیمتیں کنٹرول کرنامشکل ہوگئی ہیں ۔بتایا گیاہے کہ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران درجہ اول گھی کے ٹین کی قیمت میں 160روپے تک کااضافہ ہوچکاہے۔