پاکستان کے بعد آزاد کشمیر کے کئی شہری بھی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ بی بی سی کا دعویٰ۔۔ لاپتہ 15افراد کے ورثاء نے قانونی چارہ جوئی کی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے

اتوار 15 اپریل 2007 12:16

پاکستان کے بعد آزاد کشمیر کے کئی شہری بھی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ بی بی سی ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15اپریل2007 ) پاکستان کے بعد آزاد کشمیر کے کئی شہری بھی لاپتہ ہوگئے‘ ورثاء نے الزام عائد یا ہے کہ لاپتہ افراد خفیہ اداروں کی تحویل میں ہیں‘ پندرہ افراد کی گمشدگی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی نے آزاد کشمیر میں لاپتہ افراد کے حوالے سے خصوصی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بعد پاکستان کے زیرکنٹرول کشمیر جس کو آزاد کشمیر کہا جاتا ہے سے بھی کئی افراد لاپتہ ہیں جن کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کو خفیہ اداروں نے اغواء کررکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں پندرہ سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کے ورثاء نے رہائی کیلئے عدالتی چارہ جوئی کی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور بعض لوگ ڈر کے مارے آواز بلند نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

ضلع کوٹلی کے نواحی علاقے گوئی کے نمبردار محمد بشیر نے بتایا کہ تین گاوٴں میں کوئی پندرہ لوگ لاپتہ ہیں ان میں بعض سرکاری ملازم بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کی آبادی اس خوف میں زندگی بسر کر رہی ہے کہ کسی بھی وقت کسی بھی شخص کو اٹھایا جاسکتا ہے۔ کوٹلی کے ایک وکیل محمد الیاس چوہدری نے بتایا کہ پندرہ لاپتہ افراد کے خاندان والوں نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے دو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کشمیر ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی ہے اور دیگر افراد کی رٹ دائر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ الیاس چوہدری نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے لیکن لوگ خوف کے سبب تفصیلات بتانے سے گھبرا رہے ہیں۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے بی بی سی نے آزاد کشمیر کے چیف سیکریڑی میجر رٹیائرڈ جاوید مجید سے جب پوچھا گیا کہ ان کا اس معاملے پر کیا موقف ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کریں گے۔