اپوزیشن جماعتوں مل کر حکومت بنائیں تو بلوچستان میں مسلم لیگ سے اتحاد ختم کردینگے ۔ مولانا فضل الرحمن۔۔ ایم ایم اے آئندہ انتخابات میں پنجاب سے بھرپور حصہ لیگی‘ نواز شریف کو بھی پیپلز پارٹی کے رویئے پر تشویش ہے ۔ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 15 اپریل 2007 15:38

اپوزیشن جماعتوں مل کر حکومت بنائیں تو بلوچستان میں مسلم لیگ سے اتحاد ..
ڈیرہ اسماعیل خان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15اپریل2007 ) متحدہ مجلس عمل کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن جماعتیں ایم ایم اے کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں تو وہ پاکستان مسلم لیگ کو چھوڑنے کے لئے تیار ہیں‘ آمروں نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا لیکن اب کسی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قوم کیساتھ مذاق کرنے دیا جائے گا‘ ملک میں جمہوریت کی بالادستی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اتوار کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس انتخابات کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ متحدہ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں پنجاب سے بھی بھرپور حصہ لے گی اور مقامی سطح پر بھی ایڈجسٹمنٹ کی گنجائش رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ لندن میں نواز شریف کے ساتھ ملکی صورت حال پر ان کی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

نواز شریف ایم ایم اے کے رویے سے مطمئن ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے رویئے پر انہیں بھی تشویش ہے لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی کو متحدہ اپوزیشن کے اسٹیج پر لانے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا لیکن اب کسی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قوم کیساتھ مذاق کرنے دیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بالادستی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔