عراق،خود کش بم دھماکوں اور پر تشدد کارروائیوں میں 40پولیس اہلکاروں سمیت 160افراد ہلاک،175 سے زائد زخمی ، متعدد کی حالت نازک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

بدھ 18 اپریل 2007 20:06

عراق،خود کش بم دھماکوں اور پر تشدد کارروائیوں میں 40پولیس اہلکاروں ..
بغداد/قاہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2007ء) عراق میں خود کش بم دھماکوں اور پر تشدد کارروائیوں میں 40پولیس اہلکاروں سمیت 160 افراد ہلاک اور 174 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایک عرب ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز عراق کے دارالحکومت بغداد کے ضلع صدریہ میں کار بم دھماکے میں95افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے صدر سٹی میں عراقی پولیس چوکی پر دھماکا خیز مواد سے بھری کار سے حملہ کیا ۔حملے میں کم از کم 30افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوگئے ۔بغداد کے مغربی علاقے اوریج میں خود کش کار بم حملے میں پولیس کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا ۔ حملے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 6 شہری زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

کرادہ میں ایک اسپتال کے قریب کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 13 افرادزخمی ہو گئے ۔

رسافی کے علاقے میں بس میں ہونے والے بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ۔جوموریہ میں بھی سڑک کے کنارے کھڑی کار میں بم دھماکے سے 3 شہری ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے ۔ فلوجہ میں امریکی فوج اور مزاحمت کاروں میں جھڑپوں کے نتیجے میں 5 مزاحمت کار ہلاک جبکہ 30 کو گرفتار کر لیا گیا ۔امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق عمارت مشتبہ افراد کے استعمال میں تھی ۔

ادھر عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے کہاہے کہ عراقی سیکیورٹی فورسز اس سال کے اختتام سے قبل اتحادی افواج سے تمام صوبوں کا کنٹرول حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں کردستان کے تین صوبوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری عراقی فورسزسنبھال لیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم تمام صوبوں کی سیکیورٹی اس سال کے آخر تک عراقی فورسز کے حوالے کردیں گے جس کے بعد اتحادی افواج اس ذمہ داری سے مستثنیٰ ہوجائیں گی۔

دوسری جانب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ خطے میں امریکی پالیسی سے کچھ بھی اختلافات ہوں تاہم عراق میں ناکام ریاست کا وجود مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کی سلامتی اور خوشحالی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات کا اثرامریکا سے پہلے مشرق وسطیٰ میں محسوس کیا جائے گا۔امریکی وزیردفاع نے کہا شرپسند قوتیں قومی حد بندیوں کی تمیز یا احترام نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو عراق، خلیج اور جوہری پروگرام کے حوالے سے ایرانی عزائم سے متعلق کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :