امریکہ کی ایک اور یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ‘ 2افراد زخمی۔بموں کی جھوٹی اطلاع پر متعدد یونیورسٹیاں اور سکول خالی ‘ طلبہ اور والدین میں خوف و ہراس۔نیو جرسی میں نقلی اسلحہ لہرانے اور ساتھی طلبہ کو ڈرانے پر ایک طالب علم گرفتار

جمعرات 19 اپریل 2007 14:49

امریکہ کی ایک اور یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ‘ 2افراد زخمی۔بموں ..
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19اپریل2007 ) امریکی کی ایک اور یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے اور بم رکھنے کی جھوٹی افواہوں پر کئی یونیورسٹیاں اور سکول خالی کرالئے گئے طلبہ اور والدین میں خوف کی لہر دوڑ گئی ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں میسوری کی ایک اور یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد یونیورسٹی مکمل طور پر خالی ہوگئی اور طلباء کلاسوں میں جانے سے کترا رہے ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں نے واقعے کے بعد یونیورسٹی کو گھیرے میں لے لیا واقعے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ ادھر ورجینیا یونیورسٹی میں 33 افراد کی ہلاکت کے بعد جمعرات کے روز بم کی جھوٹی افواہ پر طلبہ یونیورسٹی انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکاروں میں تھرتھلی مچ گئی تاہم تلاشی لینے پر بم کے کوئی آثار نہیں ملے۔

(جاری ہے)

ادھر کیلی فورنیا کی یونیورسٹی ہاٹنگ لاء کالج سان فرانسسکو اور منی سوٹا کی یونیورسٹیوں میں بھی اس قسم کی جھوٹی اطلاعات ملیں۔ اطلاعات پر عمارات کو خالی کرالیا گیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے کلیئرنس کے بعد طلبہ یونیورسٹیوں میں واپس نہیں آئے نیو جرسی میں ایک سکول کو اس وقت بند کرنا پڑا جب پرنسپل کو اطلاع ملی کی ایک شخص اسلحہ لئے سکول پر فائرنگ کرنے آرہا ہے اطلاع ملنے پر پرنسپل نے فوری طور پر سکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع دی اور سکول کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا نیو جرسی ہی میں ایک طالب علم کو نقلی اسلحہ لہرانے اور ساتھی طالب علموں کو ڈرانے پر حراست میں لے لیا گیا ان واقعات کے بعد امریکہ بھر میں طلبہ اور ان کے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور خطرے کے پیش نظر تین یونیورسٹیوں کو بند کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :