چیف جسٹس افتخار چوہدری کو غیرفعال کہنا غلط ہے ، وزیر قانون

جمعرات 19 اپریل 2007 23:41

چیف جسٹس افتخار چوہدری کو غیرفعال کہنا غلط ہے ، وزیر قانون
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2007ء) وفاقی وزیر قانون وصی ظفر نے کہا ہے کہ جسٹس افتخار محمد چوہدری غیر فعال نہیں ہیں اور میڈیا انہیں غیر فعال غلط لکھ رہا ہے گزشتہ اور نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے اس بات کو واضح کیا کہ جسٹس افتخار محمد چوہدری غیر فعال نہیں ہیں اور میڈیا میں انہیں غیر فعال چیف جسٹس لکھا جانا درست نہیں تاہم ایک سوال پر جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر وہ غیر فعال نہیں تو اپنے اختیارات استعمال کرسکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ان کو اختیارات استعمال نہ کرنے کے حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل نے روکا ہے وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ حکومت کو سپریم جوڈیشل کونسل پر مکمل اعتماد ہے اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف صدارتی ریفرنس کے حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل جو بھی فیصلہ کرے گی وہ حکومت کو منظور ہوگا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران نہ تو حلف اٹھاتے ہیں اور نہ ہی اس کی کوئی آئینی حیثیت ہوتی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے جج باقاعدہ حلف اٹھاتے ہیں اور سپریم کورٹ ایک مستقل ادارہ ہے اس لئے سپریم جوڈیشل کونسل کسی مقدمے میں صرف تجویز دے سکتی ہے فیصلہ نہیں دے سکتی ، کیونکہ سپریم جوڈیشل کونسل ایک ٹریبونل ہے جس میں ہائی کورٹ کے جج بھی بیٹھتے ہیں ۔