عراق میں بم دھماکے اور تشدد کے دیگرواقعات میں تین امریکی فوجیوں سمیت33 افراد ہلاک۔۔مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن دس سال تک جاری رہ سکتا ہے،امریکی جنرل

جمعہ 18 مئی 2007 10:17

عراق میں بم دھماکے اور تشدد کے دیگرواقعات میں تین امریکی فوجیوں سمیت33 ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی۔2007ء) جنوبی بغداد میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تین امریکی فوجیوں سمیت اکیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔جبکہ امریکی میرین کور کے جنرل جیمس کونوے نے کہا ہے کہ عراقی مزاحمت کاروں کے خلاف فوجی آپریشن نو سے دس سال تک جاری رہ سکتا ہے۔امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی بغداد میں سڑک کے کنارے بم دھماکے سے تین امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عراقی پولیس کے مطابق دیوانیہ،دیالہ،اسکندریہ، حلہ اور بصرہ میں تشدد کے مختلف واقعات میں اٹھارہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ادھرامریکی میرین کور کے کمانڈر جنرل جیمس کونوے نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ امریکی فوج کو عراق میں کامیابی کے لئے مزید وقت درکار ہے اور مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن نو سے دس سال تک جاری رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام فوج کے انخلا کےجس ٹائم پیریڈ کا مطالبہ کررہے ہیں وہ امریکی فوج کے لئے قابل عمل نہیں جو کچھ مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔دوسری جانب ایک برطانوی تھنک ٹینک نےاپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عراق کے بیشتر علاقوں میں عراقی حکومت کی عملداری ختم ہوچکی ہے اور حکومت تباہی کے دہانے تک پہنچ گئی ہے۔ برطانوی تھنک ٹینک شیتھیم ہاؤس کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت کی عملداری مختصر علاقے تک محدود ہے اور وہ پورے ملک میں یکساں طور پر اپنے فیصلوں کا اطلاق نہیں کر پارہی۔

رپورٹ میں عراق کے پڑوسی ممالک کو عدم استحکام کا باعث قراردیا گیا ہے۔ عراق میں جاری پرتشدد واقعات میں مزید تین پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افرادہلاک ہوگئے ہیں۔جبکہ بعقوبہ میں ایک اتحادی اڈے پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق بغداد کے جنوب میں ایک خودکش کار بم دھماکے میں عراقی پولیس کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ معصب کے علاقے میں بھی ایک خودکش حملے میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔

عراقی فوج کے مطابق بعقوبہ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے اتحادی فوج کے ایک اڈے پر حملہ کردیا۔ جس کےدوران ہونیوالی لڑائی میں چھ مزاحمت کار ہلاک ہوگئے۔ اس لڑائی میں امریکی فوج کو ہیلی کاپٹر مدد بھی حاصل تھی۔ ادھر امریکی فوج کے لاپتہ ہونے تین فوجیوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ امریکی فوجی ترجمان نے فوجیوں کی تلاش کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ان کا پتہ لگا لیں گے۔واضح رہے کہ یہ فوجی اہلکار بارہ مئی کو مزاحمت کاروں کے ایک حملے کے بعد لاپتہ ہیں جس میں چار امریکی فوجی اور ان کا عراقی مترجم بھی ہلاک ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :