صوبہ سرحد ، کشمیر اور جڑواں شہروں میں تیز آندھی ، طوفانی بارش ، چھتیں و دیواریں گرنے سے 12 افراد جاں بحق۔ 120 سے زائد زخمی ، درخت و متاثرہ علاقوں میں خیمے اکھڑ گئے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا

جمعہ 18 مئی 2007 19:19

صوبہ سرحد ، کشمیر اور جڑواں شہروں میں تیز آندھی ، طوفانی بارش ، چھتیں ..
اسلام آباد+مانسہرہ+مظفر آباد+سوات +مری(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار18 مئی2007) جڑواں شہروں ، صوبہ سرحد اور آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں شدید آندھی اور طوفانی بارش و ژالہ باری کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے۔ طوفان بادو باراں سے درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔

ادہر کئی متاثرین زلزلہ کے خیمے اور شیلٹر بھی اکھڑ گئے ، سوات میں طوفانی بارش سے ہلاکتوں کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو جڑواں شہروں ، صوبہ سرحد اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں شام تقریباً 5بجے کے قریب زور دار آندھی چلی اور شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سوات میں دویار گرنے سے ایف سی کے اہلکار سمیت 8افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ طوفانی بارش کے باعث مانسہرہ ، بالا کوٹ اور مظفر آباد سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ مانسہرہ میں شدید آندھی کے باعث درخت اور مسجد گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 20 شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں طوفان بادو باراں سے درخت جڑواں سے اکھر کر سڑکوں پر گر گئے جبکہ کئی متاثرین زلزلہ کے خیمے اور شیلٹر بھی اکھر گئے۔ جبکہ ادہر مردان میں شدید بارش سے مکان کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 23 افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔جبکہ عہد گاہ روڈ پر خیمہ بستی میں جستی چادریں اڑنے سے 10 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے ۔

جبکہ ادہر مری میں مال روڈ پر زیر تعمیر پلازہ کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ عوام علاقہ نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جن میں سے 2کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔ ادہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ کی شام شدید آندھی اور طوفان سے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے، بعض علاقوں میں بجلی اور ٹیلیفون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بلیو ایریا، کراچی کمپنی اور جی ٹن میں لگے سائن بورڈ گر کر دور دور جا گرے درخت گرنے سے سڑکیں بلاک ہو گئیں۔ اسلام آباد کے ایک علاقے میں ایک درخت LOB مہران 1896 پر جا گرا جس کی وجہ سے گاڑی کی چھت بیٹھ گئی۔ تاہم بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس کیوجہ سے موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی اور گرمی کے مارے عوام نے سکون کا سانس لیا۔