لال مسجد کے طلباء نے سادہ کپڑوں میں ملبوس 4پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا

جمعہ 18 مئی 2007 19:46

لال مسجد کے طلباء نے سادہ کپڑوں میں ملبوس 4پولیس اہلکاروں کو یرغمال ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار18 مئی2007) لال مسجد کے طلباء نے مسجد کے باہر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس 4پولیس اہلکاروں کو پکڑ کر مسجد کے اندر یرغمال بنا لیا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ اور نائب خطیب لال مسجد عبدالرشید غازی کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق جمعہ کے روز لال مسجد کے طلباء نے مسجد کے باہر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس 4 پولیس اہلکاروں کو پکڑ کر مسجد میں یرغمال بنا لیا۔

لال مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید غازی نے کہاکہ سفید رنگ کی گاڑی آلٹو 4شخص صبح سے مسجد کے باہر کھڑے تھے اس لئے انہیں پکڑا گیا ہے۔ عبدالرشید غازی نے بتایا کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ آئندہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے باہر ایجنسیوں کے لوگ کھڑے نہیں ہونگے کیونکہ یہاں تخریب کاری کا خدشہ ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ رشید نیازی اور نائب خطیب لال مسجد عبدالرشید غازی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کرنے پر علامہ عبدالرشید غازی نے کہا کہ اس سے پہلے جو ایجنسیوں کے بندے لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے معاملے پر ڈیوٹی سرانجام دیتے تھے ہم انہیں جانتے تھے لیکن سفید آلٹو میں موجود 4 افراد غیر معروف تھے اور صبح سے ان کی حرکات مشکوک تھیں ۔ تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر انہیں طلبہ نے حفاظتی اقدام کی خاطر پکڑ لیا ہے لیکن تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او رشید نیازی سے مذاکرات کے بعد انہیں چھوڑ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :