ملک کے مختلف حصوں میں تیز آندھی ، طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، 19افراد جاں بحق،140 سے زائد زخمی ، درخت ، متاثرہ علاقوں میں خیمے اور شیلٹر اکھڑ گئے، مواصلات کا نظام درہم برہم ،زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر کے وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،راولپنڈی اسلام آباد سمیت سرحد،پنجاب کے بالائی ،شمالی اورکشمیر میں بھی کئی مقامات پر مزید بارشوں کا امکان ہے ،محکمہ موسمیات۔اپ ڈیٹ

جمعہ 18 مئی 2007 22:33

ملک کے مختلف حصوں میں تیز آندھی ، طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی ..
اسلام آباد/مانسہرہ/مظفر آباد/سوات /مری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی۔2007ء) جڑواں شہروں ، صوبہ سرحد اور آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں شدید آندھی اور طوفانی بارش و ژالہ باری نے تباہی مچا دی ، مکانات کی چھتیں و دیواریں گرنے سے کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 140 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں خیمے ، شیلٹر اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ،مواصلات کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر کے وہاں پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی شام اچانک پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفان بادوباراں اور شدیدبارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔اچانک آنے والے طوفان بادوباراں نے سوات میں سب سے زیادہ تباہی مچائی۔

(جاری ہے)

گھروں کی چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

طوفان بادو باراں اور بارش سے متعدد سائن بورڈ گرگئے۔ بجلی کی لائنیں بھی شدید متا ثر ہوئی ہیں جسکی وجہ سے پانچ گھنٹے تک شہر کی بجلی منقطع رہی۔ جاں بحق ہو نے والوں میں ایف سی اہلکار زرولی خان ، ولد زرین خان، عبداللہ ساکن بانڈی خلیل ، عادل ، دوسالہ بچی حسنا اور جاوید اور دیگر شامل ہیں۔جبکہ زخمیوں میں بخت زادہ ، خان رازق، ولی محمد ، اصغر ، شیر ولی ، نور علی ، ظفر علی، سیفور خان، حصرت ولی، فضل واحد ، انور علی ، شیر ولی ،شیر بہادر، گولو خان، گل مشال ، مومن، انور علی ، زبیر، آفتاب، شیرزادہ، سردار، محمد نعیم، مسمات(ف)، مسمات بختیار ، مسمات سلطانہ، انور علی اور اخون علی وغیرہ شامل ہیں۔

زخمیوں اور ہلاک ہو نے والوں کا تعلق تحصیل کبل کے نواحی علاقہ کوزہ بانڈی ، برہ بانڈی ،کانجو، ہزارہ ، ننگولئی، اور مینگورہ کے نواحی علاقے رنگ محلہ ، ملوک آباد، لنڈیکس ، ملکان ، رحیم آباد، رمان کوٹ، عثمان آباد طاہر آباد اور مٹھہ کے مختلف علاقوں سے ہے۔ادھر ہری پور مانسہرہ میں بھی شدید آندھی اور طوفان کے بعد درجنوں مکانوں کی چھتیں اڑگئیں جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ، آندھی شام پانچ بجے شروع ہوئی اسکی شدت اتنی زیادہ تھی کہ سینکڑوں درخت ، سائین بورڈ اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں قائم شیلٹر ہوم اڑ گئے۔

آندھی کے بعد شدید بارش شروع ہوگئی ہری پور میں ایک خاتون جاں بحق اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ آندھی کے بعد ہزارہ کے پانچوں اضلاع ہری پور ، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، بٹگرام اور کوہستان کی بجلی منقطع ہو گئی ۔ واپڈا ذرائع کے مطابق سینکڑوں مقامات پر بجلی کے کھمبے اور تاریں گرگئیں جن کی مرمت کا کام جاری ہے مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے کے باعث ہزارہ کے مختلف علاقوں سے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا۔

مانسہرہ کے ضلعی ناظم سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق علاقہ بیر کنڈ میں زوجہ محمد شفیق ، نذیر ، علاقہ خواجگان میں عبدالروٴف ، ناران اور شوکت آباد میں محبت خان کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کئی زخمیوں کو سول اسپتال مانسہرہ پہنچا دیا گیا ہے۔ادھر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی بعد سہ پہر طوفانی بارش اور آندھی کی وجہ سے طارق آباد اورعید گاہ روڈ پر واقع خیمہ بستیوں میں گھروں پر قائم شلٹرز اڑ جانے کی وجہ سے متاثرین زلزلہ کھلے آسمان تلے کھڑے رہنے پر مجبور ہو گئے ۔

جبکہ جست کی چادروں کے اڑنے اور کئی مقامات پر درختوں کے گرنے کے باعث دس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔جبکہ درختوں کے گرنے اور کئی مقامات پر بجلی کے پول گرنے کی وجہ سے مانسہرہ ، بالا کوٹ ، مظفر آباد اور اس کے ملحقہ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔تاہم محکمہ برقیات آذاد کشمیر اور کیسکو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔

ادھر مری میں بھی تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے مال روڈ پر زیر تعمیر پلازہ کی دیوار گرنے سے عورت سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔۔پارہ چنار اور گرد و نواح میں بھی شدید ڑالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔چیچہ وطنی جھنگ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز آندھی اور بارش کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ شام اسی کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلی جس کے بعد موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔

ادہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ کی شام شدید آندھی اور طوفان سے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے، بعض علاقوں میں بجلی اور ٹیلیفون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بلیو ایریا، کراچی کمپنی اور جی ٹن میں لگے سائن بورڈ گر کر دور دور جا گرے درخت گرنے سے سڑکیں بلاک ہو گئیں۔

اسلام آباد کے ایک علاقے میں ایک درخت LOB مہران 1896 پر جا گرا جس کی وجہ سے گاڑی کی چھت بیٹھ گئی۔ تاہم بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس کیوجہ سے موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی اور گرمی کے مارے عوام نے سکون کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ صوبہ سرحد،پنجاب کے بالائی علاقوں،شمالی علاقوں اورکشمیر میں بھی کئی مقامات پر بارش ہوئی ۔ان علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔