قندوز میں خودکش حملہ‘ 3جرمن فوجیوں سمیت 8افراد ہلاک‘ 14 زخمی،اتحادی افواج کا پکتیکا میں زمینی اور فضائی آپریشن‘ 70 مشتبہ طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ

ہفتہ 19 مئی 2007 13:16

قندوز میں خودکش حملہ‘ 3جرمن فوجیوں سمیت 8افراد ہلاک‘ 14 زخمی،اتحادی ..
مزار شریف +پکتیکا (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار19 مئی2007) افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں خودکش حملے میں تین جرمن فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور 14 شدید زخمی ہوگئے جبکہ اتحادی افواج نے پاکستان سے ملحقہ سرحدی صوبے پکتیکا میں ایک جھڑپ کے دوران 70 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق قندوز سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ جنرل نور محمد نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ایک خودکش حملہ آور نے خود کو جرمن فوجیوں کے قافلے کے قریب دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں تین جرمن فوجی اور پانچ افغان شہری ہلاک اور دو جرمن فوجیوں سمیت چودہ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

جنرل نور محمد نے بتایا کہ جرمن فوجی ایک بازار میں معمول کے گشت پر تھے بعض فوجی گاڑی پر سوار تھے جبکہ بعض پیدل جارہے تھے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونیوالے پیدل فوجی تھے دھماکے سے جرمن فوج کی گاڑی اور متعدد دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ خودکش حملے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ حملہ آور اور ہلاک ہونیوالے افراد کے جسم کے چیتھڑے دور دور تک بکھر گئے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر متعدد کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

افغان سکیورٹی حکام نے خودکش حملے کا الزام طالبان پر عائد کیا ہے جبکہ طالبان یا کسی اور گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ادھر اتحادی فوج کے کمانڈر نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبہ پکتیکا کے ضلع جاجی میں طالبان جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر اتحادی فوج نے ایک آپریشن شروع کیا اور طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں کا گھیرا کرلیا۔ اسی اثناء میں ٹھکانوں میں چھپے جنگجوؤں نے اتحادی فوج پر فائرنگ شروع کردی جس سے اتحادی فوج کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

جوابی کارروائی پر ستر کے قریب جنگجو مارے گئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے اور وہاں پر موجود اسلحہ کو قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی میں لڑاکا طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ افغان فوج کے جنرل سمیع الحق بدر نے بتایا کہ جھڑپ میں ہلاک ہونیوالے جنگجوؤں کی لاشیں ابھی تک اسی علاقے میں پڑی ہیں۔