عراق پر تشدد واقعات میٕں دو امریکی فوجیوں سمیت چوالیس ہلاک :بغداد میں پر ہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکے اور امریکی ہیلی کاپٹروں کے فضائی حملہ میں پانچ مزاحمت کاروں سمیت دس افراد ہلاک چالیس کے قریب زخمی

ہفتہ 26 مئی 2007 16:10

عراق پر تشدد واقعات میٕں دو امریکی فوجیوں سمیت چوالیس ہلاک :بغداد میں ..
بغداد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار26 مئی2007) عراق میں کار بم دھماکے ، امریکی فورسز کے فضائی حملے اور تشدد کے دیگر واقعات میں دو امریکی فوجیوں سمیت چوالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ امریکی اور عراقی فوج نے بغداد میں مشترکہ کارروائی میں مبینہ طور پر ایرانی انقلابی گارڈ سے روابط رکھنے والے گروہ کے رہنما کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ بغداد کے ضلع بایا کی ایک پر ہجوم مارکیٹ میں ہونے والے کار بم دھما کے میں پانچ افراد ہلاک اور سینتس زخمی ہو گئے ہیں۔

بصرہ میں برطانوی فوج نے فضائی کارروائی میں متعدد مزاحمت کاروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ہویجہ میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا۔ تاجی میں امریکی فورسز نے کارروائی میں دو مزاحمت کاروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔

(جاری ہے)

کٹ میں عراقی فوج نے مہدی آرمی سے تعلق رکھنے والے بیس مزاحمت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

امریکی فوجی ذرائع کے مطابق بغداد میں امریکی ہیلی کاپٹروں نے مبینہ مزاحمت کاروں کی گاڑیوں پر فضائی حملہ کرکے پانچ مزاحمت کاروں کو ہلاک کردیا ہے ۔ امریکی فوجی زرائع کے مطابق نو گاڑیوں کے قافلے میں مبینہ مزاحمت کار سوار تھے جو امریکی اور عراقی فوجیوں پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ ادھر عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے عام شہری تھے۔

جو پیٹرول اسٹیشن پر پیٹرول بھروانے کے لئے رکے تھے۔ ادھر امریکی اور عراقی فوج نے مشترکہ کاروائی میں مبینہ طور پر ایرانی انقلابی گارڈ سے روابط رکھنے والے گروہ کے رہنما کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ یہ گرفتاری ایک ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے کہ جب دو روز بعد امریکی اور ایرانی حکام عراق کے معاملے پر بات چیت کررہے ہیں۔ ادھر پولیس کو بغداد اور داقوق سے تین پولیس اہلکاروں سمیت تیئس افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ دیوانیہ میں مسلح افراد نے تین عراقی پولیس اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ مشرقی بغداد میں مارٹر حملوں میں تین شہری ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ امریکی فوج نے مقدادیہ اور بغداد میں بم دھماکے اور فائرنگ میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے

متعلقہ عنوان :