مجلس عمل کا ”تحفظ پاکستان روڈ کارواں،، گوجرانوالہ سے فیصل آباد کیلئے روانہ،جنرل پرویز مشرف نے ماورائے آئین اقدامات اٹھائے تو ان کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی،پاکستان 15 کروڑ عوام کا ہے، کسی فرد واحد کو مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا، کاروان سے قاضی حسین احمد اور فضل الرحمن کا خطاب، کامونکے میں کارواں کا شاندار استقبال

پیر 28 مئی 2007 15:10

مجلس عمل کا ”تحفظ پاکستان روڈ کارواں،، گوجرانوالہ سے فیصل آباد کیلئے ..
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2007ء) مجلس عمل کا تحفظ پاکستان روڈ کارواں فیصل آباد کے لئے روانہ ہوگیا اس موقع پر مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا کہ اگر جنرل پرویز مشرف نے ماورائے آئین اقدامات کئے تو ان کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی، پاکستان پندرہ کروڑ عوام کا ہے اس پر کسی فرد واحد کو مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس عمل کا تحفظ پاکستان روڈ کارواں پیر کے روز گوجرانوالہ سے فیصل آباد کے لئے روانہ ہوگیا۔ کارواں کی قیادت قاضی حسین احمد، مولانا فضل الرحمن، مولانا ساجد میر، شاہ انس نورانی لیاقت بلوچ اور علامہ عبدل جلیل نقشبندی کر رہے ہیں،کاررواں میں بیسیوں کاریں، بسیں اور جیپیں شریک ہیں،شرکا نے ایم ایم اے کے پرچم اٹھا رکھے ہیں،گوجرانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ صدر مشرف اگرماورائے آئین اقدامات کریں گے تو ہم ان کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پندرہ کروڑعوام کا ہے ،اس پر کسی فرد واحد کو مسلط نہیں ہونے د یا جائے گا ،کاررواں کامونکی پہنچا تو اسکا شاندار استقبال کیا گیا ، اس موقع پر قاضی حسین احمد اور فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ تحریک رکنے والی نہیں اور یہ موجودہ حکمرانوں کی رخصتی تک جاری رہے گی، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک میں جلسہ عام ہو گا۔