پشاور ہائی کورٹ اور نشتر ہال کے باہر جنرل کار پارکنگ میں زوردار کار بم دھماکہ،ایک جاں بحق، 7 افراد زخمی ۔اپ ڈیٹ

منگل 29 مئی 2007 16:19

پشاور ہائی کورٹ اور نشتر ہال کے باہر جنرل کار پارکنگ میں زوردار کار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی۔2007ء) پشاور ہائی کورٹ اور نشتر ہال کے باہر جنرل کار پارکنگ میں زوردار کار بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے جبکہ چھ گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا جن میں ضلع ناظم حاجی غلام علی کی گاڑی بھی شامل ہے،زور دار دھماکے سے پشاور ہائی کورٹ اور نشتر ہال کی عمارتوں کے شیشے وغیرہ بھی ٹوٹ گئے،بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق کار میں تین کلو وزنی دیسی ساختہ ٹائم بم نصب کیا گیا تھا۔

واقعات کے مطابق منگل کی صبح دس بجکر35منٹ پر پشاور ہائی کورٹ اور نشتر ہال کے باہر جنرل کار پارکنگ میں کھڑی سفید رنگ کی سوزوکی الٹو میں زوردار بم دھماکہ ہوا جس میں جہاں پشاور ہائی کورٹ کے کورٹ افیسر اطلس خان کانائب قاصد نہاد ولد سردار خان سکنہ امبار ڈھیر چارسدہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ چھ سالہ بچے سمیت میں آٹھ راہگیر زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

گاڑی کا چیسز نمبرpk800036جبکہ انجن نمبر321461نمایاں تھا ۔زور دار دھماکے سے گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور قریب کھڑی چھ مزید گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جن میں ضلع ناظم حاجی غلام علی کی گاڑی بھی شامل ہے جو کسی کام سے وہاں آئے تھے ۔دھماکے کے بعد پولیس کے اعلی حکام اور بھاری نفری سمیت بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ۔صوبائی وزیر اطلاعات آصف اقبال داؤدزئی نے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ ماضی میں کئے گئے دھماکوں کی کڑی ہے اور اس میں وہی ہاتھ ملوث ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے صوبہ سرحد حکومت کو بدنام کرنے کیلئے صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال خراب کر رہا ہے ۔

ضلع ناظم پشاور حاجی غلام علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور صوبائی و ضلعی حکومتیں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اپنی پوری کوششیں کر رہی ہیں تاہم بم دھماکے اور خود کش حملوں کو روکنا اتنا آسا ن نہیں ،اس سلسلے میں حکومت اور پولیس اپنی پوری کوششیں کر رہی ہے ۔سی سی پی پشاور عبدالمجید مروت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکہ بھی گزشتہ دھماکوں کی کڑی ہے اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

زخمیوں میں چھ سالہ بچہ عمر ولد تلاوت سکنہ شبقدر،عبدالہادی ولد رحمت گلبہار پشاور،اعتبار گل ولد مختیار زاہد آباد،امین جان ولد محمد جان شبقدر،فضل اللہ ولد اجمیر سکنہ صالح خانہ چراٹ،مدثر ولد جعفر (طالبعلم)اور ذوالفقار ولد فراز شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :