Live Updates

عمران خان برطانیہ میں کرکٹ جیت سکتے ہیں تو الطاف حسین کے خلاف مقدمہ بھی جیت لیں گے ۔ پیر پگاڑا۔ صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف ان کے اپنے ساتھی سازشیں کررہے ہیں‘ موجودہ حالات میں پرویز مشرف سے بہتر کوئی نہیں

جمعہ 8 جون 2007 16:34

عمران خان برطانیہ میں کرکٹ جیت سکتے ہیں تو الطاف حسین کے خلاف مقدمہ ..
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار08 جون 2007) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف ان کے اپنے ساتھی سازشیں کررہے ہیں‘ موجودہ حالات میں صدر کو حکومت میں رہنا چاہئے‘ وزیراعلیٰ سندھ توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں لگتا ہے وہ جیل سے ہو کر حکومت چلائیں گے‘ یہ ملک کی پہلی مثال ہوگی‘ عمران خان برطانیہ جا کر کرکٹ میچ جیت سکتے ہیں تو وہ مقدمہ بھی جیت سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر پگاڑا نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صدر مشرف کا قتدار میں ہونا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کے خلاف جو سازشیں ہورہی ہیں وہ ان کے اپنے ساتھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر کو چاہئے کہ وہ پہلے حالات کو درست کریں پھر وہ فیصلہ کریں کہ ان کو پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈیل کرنی ہے یا نواز شریف کے ساتھ۔

انہوں نے کہا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو مارشل لاء لگ سکتا ہے۔ ایک سوال پر پیر پگاڑا نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بار بار توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں ارباب غلام رحیم عدالت عالیہ کے بارے میں بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالت نے اس کا نوٹس لیا یا کوئی فیصلہ دیا تو وزیراعلیٰ جیل جاسکتے ہیں اور یہ ملک میں پہلی مثال قائم ہوگی کہ کوئی وزیراعلیٰ جیل میں بیٹھ کر حکومت چلائے گا۔ ایک اور سوال پر پیر پگاڑا نے کہا کہ عمران خان برطانیہ میں کرکٹ میچ جیت سکتے ہین تو مقدمہ بھی جیت سکتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات