ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر سے مزید سولہ افراد جاں بحق ، لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی مزید اجیرن کردی

بدھ 13 جون 2007 15:50

سکھر (اردوپوائنٹ تازہ ترین۔ 13 جون 2007 ) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر سے مزید سولہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس سے چار روز میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تیرسی ہوگئی ہے۔ راولپنڈی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے جس سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ تیرہ افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے اور قیامت خیز گرمی میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

اس کے علاوہ جنڈ، پنڈی گھیب اور فتح جنگ کےعلاقوں میں مزید چار افراد گرمی اور لو لگنے سے جاں بحق ہوگئےہیں۔ ضلع جہلم کے موضع رانجھا میں ایک شخص گرمی کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ کراچی میں بھی آج موسم گرم رہا ہے۔ اور درجہ حرارت چوتیس سے چھتیس سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی صورتحال بھی کافی سنگین ہو چکی ہے ۔

دن رات آٹھ سے بارہ گھٹے بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے ۔ بجلی اور پانی کی عدم فراھمی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں نے مظاہرے کیے اور سڑکوں پر ٹائر جلاکر اور پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کر دی جبکہ شہر میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے کے ای ایس سی کے مطابق بن قاسم یونٹ پانچ بند ہونے سے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔

سکھر سے ون ورلڈ کے نمائندے کے مطابق سکھر کے علاقے صالح پٹ میں گرمی لگنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ گئی لوگ اسپتال داخل کر دیئے گئے ہیں۔ گھوٹکی کے علاقے اوباوڑو میں بھی ایک شخص انتقال کرگیا جبکہ اندرون سندھ ایک اور شخص گرمی سے جاں بحق ہوگیا ہے۔ مجموعی طور پر سندہ بھر میں گئی افراد گرمی سے متاثر ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل کر دیئے گئے ہیں۔

میدانی علاقوں کی طرح پہاڑی علاقوں میں بھی گرمی کا شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت پچاس ڈگری تک پہنچ گیا ہے، صوبہ سرحد کے دارلحکومت پشاور میں شدید گرمی سے دو افرادجاں بحق ہوئےہیں اور سات کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ مانسہرہ میں گرمی اور لو لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ گرمی سے زلزلے سے متاثرہ افراد شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اس علاقے میں گرمی کا پچھلے تیئس سال کا ریکارڈ ٴٹوٹ گیا ہے اور درجہ حرارت بیالیس ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور لوگوں نے ٹھنڈے مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے۔

بلوچستان کے شہر سبی میں بھی گرمی کی شدت کے باعث ایک شخص جاں بحق اور پندرہ کو اسپتال لایا گیا ہے۔ جبکہ سندھ گرمی سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے اور سینکڑوں افراد گیسٹرو اور لو لگنے سے متاثر ہوئے ہیں۔