امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع البنیاد تعلقات کیلئے پر عزم ہے۔ رچرڈ باؤچر

بدھ 13 جون 2007 20:58

امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع البنیاد تعلقات کیلئے پر عزم ہے۔ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ‌تازہ ترین۔ 13 جون 2007) امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء رچرڈ باؤچر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع البنیاد تعلقات کیلئے پر عزم ہے ۔ اسلام آباد میں وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری سے ملاقات کے دوران رچرڈ باؤچر نے کہا کہ معیشت، توانائی، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاک امریکہ تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ چند ماہ میں سینئر امریکی حکام اور اراکین کانگریس کے وفود کے پاکستان کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے اور دوطرفہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں نمایاں مدد ملی ہے ۔ وزیر خارجہ خورشید قصوری نے اس موقع پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

(جاری ہے)

خورشید قصوری نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاک افغان بارڈ ر پر سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں ترکی میں سہ فریقی مذاکرات ، جی ایٹ کانفرنس میں پاک افغان وزرائے خارجہ کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر پاک افغان جرگہ ، افغانستان کی سیاسی و سلامتی کی صورتحال اور دیگر دوطرفہ و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :