بلوچستان‘ سیلاب میں پھنسے ہوئے 10 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل۔امدادی کارروائیوں میں پاک فوج اور نیوی کے ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی طیارے حصہ لے رہے ہیں‘ ترجمان آئی ایس پی آر

ہفتہ 30 جون 2007 12:00

بلوچستان‘ سیلاب میں پھنسے ہوئے 10 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل۔امدادی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار30 جون 2007) آئی این پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل وحید ارشد نے کہا ہے کہ پاک فوج اور نیوی بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کررہی ہے‘ دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے‘ پاک فوج کے بارہ سو دستے مختلف علاقوں میں بھیجے جارہے ہیں‘ امدادی کارروائیوں میں پاک فوج اور نیوی کے ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی حصہ لے رہے ہیں‘ تربت میں چھ ہیلی کاپٹر اور گوادر میں دو ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ہفتہ کے روز نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل وحید ارشد نے بتایا کہ پاک فوج بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک دس ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے اور ان کے لئے امدادی سامان بھی مہیا کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ فوج کی مختلف بٹالین کو سیلاب زدہ علاقوں میں بھیجا جارہا ہے 1240 فوجی جوان ان کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں پاک فوج اور نیوی کے ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ تربت میں چھ ہیلی کاپٹر جبکہ گوادر میں دو ہیلی کاپٹر موجود ہیں اسی طرح بولان جھل مگسی اور سبی میں بھی دو ہیلی کاپٹر پہلے سے موجود تھے تین مزید ہیلی کاپٹروں کو وہاں بھیجا گیا ہے۔ اس طرح مزید سی ون تھرٹی طیاروں کو تربت سمیت دیگر علاقوں میں روانہ کیا جارہا ہے۔