عراق‘ امریکی فوج کا آپریشن‘ خودکش کار بم حملہ‘ 30 افراد ہلاک‘ 20 زخمی،خودکش کار بم حملے میں پولیس کی 2 گاڑیاں تباہ‘ مزاحمت کاروں نے امریکی ہیلی کاپٹر مار گرایا‘ پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب

منگل 3 جولائی 2007 13:25

عراق‘ امریکی فوج کا آپریشن‘ خودکش کار بم حملہ‘ 30 افراد ہلاک‘ 20 زخمی،خودکش ..
بغداد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 جولائی 2007) عراق میں امریکی فوج کے آپریشن اور خودکش کار بم دھماکے میں 30 افراد ہلاک جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے ۔ دھماکے سے پولیس کی 2 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ ادھر مزاحمت کاروں نے امریکی ”کپواہ“ ہیلی کاپٹر مار گرایا۔ تاہم پائلٹس ہیلی کاپٹر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج نے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عراق کے مغربی صوبے الانبار میں گزشتہ چند روز سے مزاحمت کاروں کیخلاف آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن میں زمینی فوج ‘ جنگی ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کی مدد بھی حاصل تھی۔ فوجی ترجمان نے بتایا ہے کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے تمام افراد مزاحمت کار تھے اور امریکی اور اتحادی افواج پر حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزاحمت کاروں کے کئی کمین گاہیں بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کرکوک میں پولیس کے قافلے پر خودکش کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ایک مقامی پولیس کمانڈر بال بال بچ گیا۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک عورت بھی شامل ہے۔ عراقی پولیس کے مطابق منگل کے روز مقامی پولیس سربراہ کرنل عرفان عبداللہ کا قافلہ جیسے ہی پولیس سٹیشن کے قریب پہنچا تو ان پر خودکش کار بم حملہ کیا گیا۔ حملے میں پولیس سربراہ تو بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے تاہم ایک عورت سمیت 5 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حملے میں پولیس کی 2 گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ قریبی واقع مارکیٹ میں کچھ دکانوں کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب عراق میں عسکریت پسندوں نے امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر مار گرایا۔ تاہم پائلٹس ہیلی کاپٹر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور حملے میں معمولی زخمی ہوئے۔ امریکی فوج کے مطابق O5-58D کیووا ہیلی کاپٹر کو بغداد کے جنوبی علاقے میں مار گرایا گیا ‘ حملے کے بعد اپاچی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پائلٹس کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ عراق میں اس سال امریکہ کے ایک درجن ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکے ہیں جن میں سے اکثر عسکریت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ ابھی تک کسی نے ہیلی کاپٹر مارگرانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔