یہ محض پروپیگنڈا ہے کہ عبدالرشید غازی نے بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے،مولانا شاہ عبدالعزیز

جمعہ 6 جولائی 2007 23:25

یہ محض پروپیگنڈا ہے کہ عبدالرشید غازی نے بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے،مولانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جولائی۔2007ء) رکن قومی اسمبلی مولانا شاہ عبدالعزیز نے کہا ہے کہ یہ سراسر پروپیگنڈا ہے کہ عبدالرشید غازی نے معصوم طلباء و طالبات کو جامعہ حفصہ میں یرغمال بنا رکھا ہے، جامعہ حفصہ والوں نے جو غلطیاں کی تھیں وہ اس کی سزا بھگت چکے ہیں، حکومت مسئلہ کو افہام و تفہیم سے ختم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب یہاں لال مسجد کے قریب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شاہ عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ وہ مولانا ظہور علوی اور دیگر علماء کے ہمراہ ایک بار پھر انسانی ہمدردی کے تحت جامعہ حفصہ آئے ہیں تاکہ مسئلہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ میں پانی اور اشیاء خوردونوش کی زبردست قلت ہے حکومت انسانی ہمدردی کے تحت یہ چیزیں بچوں کو پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عبدالرشید غازی کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کرے لیکن ان بچوں پر ظلم نہ کرے جو شدت پیاس سے بے ہوش ہو رہے ہیں۔ شاہ عبدالعزیز نے کہا کہ جن طلباء کو حاجی کیمپ میں رکھا گیا تھا اب انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے حکومت اس سلسلے میں وضاحت کرے کہ ان طلباء کو کہاں لے جایا گیا ہے اس حوالے سے ہماری تشویش کو دوبار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :