یہ وقت تنازعات پیدا کرنے یا افسوسناک واقعہ پر سیاست کرنے کا نہیں۔وزیراعظم شوکت عزیز۔۔ہمیں قومی یکجہتی‘ ملک کے مستقبل اور عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھنا ہو گا‘ جامعہ حفصہ سے باہر آنے والے طلبہ کو لواحقین سے ملوانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی‘ شوکت عزیز کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2007 17:44

یہ وقت تنازعات پیدا کرنے یا افسوسناک واقعہ پر سیاست کرنے کا نہیں۔وزیراعظم ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار15جولائی 2007) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ بروقت تنازعات پیدا کرنے یا افسوسناک واقعہ پر سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ ہمیں قومی یکجہتی‘ ملک کے مستقبل اور عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ جامعہ حفصہ سے باہر آنے والے طلبہ کو والدین و لواحقین سے ملانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

حکومت ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرے گی۔ آپریشن میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے بارے میں معلومات انتہائی شفاف طریقے سے میڈیا کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین‘ وفاقی وزیر برائے صحت محمد نصیر خان‘ وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی‘ وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق اور وزیر مملکت اطلاعات و نشریات طارق عظیم و دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران شوکت عزیز نے کہا کہ جامعہ حفصہ سے باہر آنے والے طلباء کو ان کے والدین و لواحقین کو ملوانے کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ حکومت ان کی تمام تعلیمی ضروریات پوری کرے گی اور اس سلسلے میں اخراجات برداشت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ حفصہ میں آپریشن کے دوران جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کے حوالے سے تمام معلومات انتہائی شفاف ہیں اور وہ میڈیا کو فراہم کر دی گئی۔

وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ یہ وقت تنازعات پیدا کرنے یا اس افسوسناک واقعے سیاست چمکانے یا سیاسی مقاصد حاصل کرنے کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی‘ ملک کا مستقبل اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اس کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مدارس کے تمام اداروں کو ایک شناخت دینا چاہتی ہے اور وہ مدرسے جو قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں ان کے بارے میں کوئی فکر نہیں۔

شوکت عزیز نے کہا کہ ایسے مدارس ہمارے بچوں کو دینی تعلیم دے کر معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ملاقات کے دوران آپریشن اور اس کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے بہتر طریقے سے نمٹنے پر مسلح افواج‘ رینجرز ‘ پولیس ‘ سول انتظامیہ‘ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے کردار کو سراہا گیا۔ اجلاس میں کرفیو کے دوران مشکلات کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر اہلیان جی سکس کے عمل کو بھی سراہا گیا۔

متعلقہ عنوان :