مفتیان کرام نے فلم ”خدا کے لئے ،، کو اسلام کے خلاف سازش قرار دیدیا

جمعہ 20 جولائی 2007 13:50

مفتیان کرام نے فلم ”خدا کے لئے ،، کو اسلام کے خلاف سازش قرار دیدیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔2007ء) جامعہ العلوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن و دیگر دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے مفتیان نے ہدایت کار شعیب منصور کی فلم خدا کے لئے بائیکاٹ کا فتویٰ دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ اس فلم کو دیکھنا بدترین گناہ ہے ہر شخص اپنی سطح پر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس فلم پر پابندی لگوانے کی حتی المقدور کوشش کرے۔

مسلمان خود بھی اس فلم کو دیکھنے سے بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں جبکہ وہ تمام افراد جو کسی نہ کسی طرح اس فلم میں معاون بنے ہیں وہ استغفار کریں۔ دارالعلوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مفتی عبدالحمید دین پوری، جامعہ اشرف المدارس مفتی عبدالحمید ربانی، جامعہ فاروقیہ اور جامعتہ الرشید کے مفتیان کرام نے بھی شعیب منصور کی فلم ”خدا کے لئے،، کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کی بنیاد پر پوچھے گئے سوالات کے جواب میں 7 صفحات پر مبنی تفصیلی فتویٰ جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

فتوے میں مفتیان کرام نے کہا کہ شعائر اسلام کی تحقیر کسی طرح بھی جائز نہیں ہے۔ شریعت کی اصطلاح میں ضرورت دین وہ احکام ہیں کہ جن کو تواتر سے بیان کیا گیا ہے ان کی حیثیت مسلمہ ہے اور ان میں تاویل کفر ہے۔ شعائر اسلام کا مذاق اڑانا بھی دائرہ اسلام سے خارج کر دیتا ہے فتوے میں قرآن و احادیث اور فقہائے کرام کے حوالوں سے لکھا گیا ہے کہ شعائر اسلام کی عظمت مسلمانوں کے دلوں سے نکل جائے تو پھر دینی حمیت باقی نہیں رہ سکے گی۔

اہل مغرب مسلمانوں کے دلوں سے دین کی عظمت کم کرنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں کبھی قرآن کریم کی بے حرمتی کی جاتی ہے تو کبھی حضور کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے اور ملعون افراد کو القابات و انعامات سے نواز کر مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جاتے ہیں۔ فتوے میں کہا گیا ہے کہ موسیقی، مصوری و مجسمہ سازی کی حرمت قرآن وحدیث سے ثابت ہے اور اجماع سے سورة لقمان کی آیت 4 جبکہ بیہقی، صحیح بخاری اور فتاوی عالمگیری میں ان کی حرمت کے حوالے سے واضح احادیث موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :