ایٹمی پروگرام کو ختم کرانے کیلئے امریکہ پاکستان میں دہشتگردی کرا رہا ہے، نواز شریف

جمعہ 20 جولائی 2007 22:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔ 2007ء) سابق وزیر اعظم (ن) لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان کا جو حشر کیا ہے وہی حشر اب پاکستان کا کرنا چاہتا ہے۔ امریکہ نے کمال ہوشیاری کے ساتھ فوج اور عوام کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ اس کی نظر اب ہمارے ایٹمی پروگرام پر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لائرز فورم فیصل آباد بار کے صدر میاں اظہر اور دیگر وکلاء سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا امریکہ نے پہلے خود ایک منصوبے کے تحت مجاہدین تیار کئے اور افغانستان سے روس کو بھگایا اور اس کے ٹکڑے ہو گئے انہوں نے کہا کہ اب امریکہ کو پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک آنکھ نہیں بھاتا وہ اس پر مکمل کنٹرول چاہتا ہے اور اس نے ایک منصوبے کے تحت پاکستان میں حالات خراب کر دیئے اور پاکستانی عوام اور فوج کو آپس میں لڑا کر یہ کہہ دیا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام غیر محفوظ ہے انہوں نے کہا کہ فوجی جرنیلوں نے جو بیج آج سے 20 سال پہلے افغانستان میں بوئے تھے آج فوجی جرنیل ہی اس کو کاٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر فرد جو کچھ بوئے گا اسے پکنے پر کاٹے گا ضرور۔ آج پاکستانی فوج اور عوام آمنے سامنے ہیں مسلمان اپنے ہی مسلمان بھائی کو مار رہے ہیں ملک کے اندر خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اس مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ جلاوطن قیادت کو فوری واپس بلایا جائے۔