سکھر ،60 فٹ چوڑے شگاف کے سبب اسکول ، اسپتال اورسینکڑوں ایکڑزرعی اراضی زیرآب

ہفتہ 21 جولائی 2007 13:56

سکھر ( اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین21 جولائی2007) کوٹ ڈیجی کے قریب فیض واہ میں 60 فٹ چوڑے شگاف کے سبب علاقے کا دیہات ، اسکول ، اسپتال اور سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی متاثرہ علاقے کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ فیض واہ میں پڑنے والا شگاف محکمہ آبپاشی کے حکام کی عدم توجہی کا نتیجہ ہے تفصیلات کے مطابق جمعرات جمعہ کی درمیانی شب کوٹ ڈیجی کے قریب فیض واہ کینال میں پانی کے شدید دباؤ کے سبب شگاف پڑ گیا جو بتدریج 60 فٹ تک چوڑا ہوگیا شگاف کا پانی فیض واہ سے متصل دیہات گوٹھ مٹھڑی میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں علاقے کی سینکڑوں ایکڑ پر محیط زرعی اراضی ، مڈل اسکول ، اسپتال اور رہائشی علاقہ زیر آب آگیا متاثرہ علاقے کے رہنے والوں عزیز اللہ ، عارف ، سید مظہر علی شاہ سمیت دیگر نے محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبپاشی حکام کو متعدد با رفیض واہ کینال کے مخدوش پشتوں کی بابت شکایت کی گئی تاہم آبپاشی اہلکاروں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی اور عدم توجہی کے باعث شگاف پڑ گیا جس کے نتیجے میں ہمارا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا متاثرین کے مطابق شگاف پڑنے کی اطلاعات کے باوجود محکمہ آبپاشی کے اہلکار جائے شگاف نہیں پہنچے ہیں جبکہ دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے کے کام میں مشغول ہیں ۔