چین میں طوفان بادو باراں اور سیلابوں کا سلسلہ جاری، پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔۔انہوئی میں طوفان کے نئے سلسلے سے بڑے پیمانے پر تباہی،، تینتس دیہات متاثر

جمعرات 26 جولائی 2007 12:20

چین میں طوفان بادو باراں اور سیلابوں کا سلسلہ جاری، پانچ سو سے زائد ..
بیجنگ (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین26 جولائی2007) چین کے مشرقی صوبے انہوئی میں طوفان کے نئے سلسلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ جبکہ شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے دریائے ہیوائی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان نے صوبے کے تینتس دیہات کو متاثر کیا ہے۔ تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے سےکئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں ،اور درخت گر گئے ہیں۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دریائے ہیوائی اور وانگ جیابا ڈیم کے نزدیکی علاقوں میں فوج تعینات کردی گئی ہے جو مسلسل گشت کر رہی ہے۔ ادھر چین بھر میں طوفان بادو باراں اور سیلابوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ چین کے کئی دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے اور اب تک پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جگہہ جگہہ بجلی کے کھمبے اور درخت گرے ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے ہیںاور وسیع رقبے پرکھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ جنوب مغربی صوبے گوئی زوو میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور ساڑھے چھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں ، خراب موسمی صورتحال کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جبکہ چین کے وسطی صوبوں میں قحط سے تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔