صدر جنرل پرویز مشرف سعودی اور متحدہ عرب امارات کا دورہ ختم کرکے آج وطن واپس پہنچ گئے ہیں، سعودی فرمانرواشاہ عبداللہ سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا

اتوار 29 جولائی 2007 12:47

صدر جنرل پرویز مشرف سعودی اور متحدہ عرب امارات کا دورہ ختم کرکے آج وطن ..
دبئی (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین29 جولائی2007) صدر جنرل پرویز مشرف آج متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دوروزہ دورہ ختم کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔ اس سے پہلے صدر جنرل پرویز مشرف اور سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے درمیان گزشتہ روز جدہ میں ملاقات ہوئی جس میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کیخلاف تعاون میں اضافے سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکام کے مطابق شاہی محل میں‌ہونے والی ملاقات کا مقصد امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔ملاقات کےلئے جب صدر جنرل پرویز مشرف شاہی محل پہنچے تو شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ بات چیت کا سلسلہ ظہرانے تک جاری رہا۔ مذاکرات کے دوران سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل اور مکہ مکرمہ کے گورنر خالد الفیصل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد صدر جنرل پرویز مشرف اپنے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ گئے جہاں انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملک کو قوم کی خوشحالی اور سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے دعائیں کیں۔ صدر نے خاتون اول اور اپنے مختصر وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کیا اور پاکستان میں امن سلامتی، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے دعائیں مانگیں۔ صدر نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کے علاوہ جمعے کو اسلام آباد میں بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ اپنے غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں صدر نے ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النیہان کے ساتھ جامع مذاکرات کئے