قومی شاہراہ پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم،ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق

جمعہ 3 اگست 2007 14:54

سکھر ( ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03 اگست 2007) گھوٹکی کے نزدیک قومی شاہراہ پر کار اور موٹر سائیکل کے المناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ بد قسمت خاندان موٹر سائیکل پر سوار گھوٹکی سے محمد پور گاؤں جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا ،پولیس نے کار کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں تین معصوم بچے بھی شامل ہیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاندان میں کہرام مچ گیا پانچ خواتین بے ہوش ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے نزدیک قومی شاہراہ پر گھوٹکی سے محمد پور گاؤں جانے والی موٹر سائیکل اور مخالف سمت سے آنے والی کار نمبر AHE292 میں خوفناک تصادم ہوگیا جس کے سبب موٹر سائیکل پر سوار دو سالہ سعیدہ، چار سالہ خان اور ایک سالہ راشد موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ بچوں کی والدہ مسمات دادلی زوجہ مختیار شیخ اور بچوں کے دادا حسین بخش شیخ شدید زخمی ہوگئے ،انہیں نازک حالت میں اسپتال لایا گیا، جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

گھوٹکی پولیس اطلاع ملنے پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور کار نمبر AHE292 کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مذکورہ کار ایک ریٹائر میجر کی بتائی جاتی ہے جو خود اسے ڈرائیو کر رہے تھے پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے پیش آنے والے المناک حادثے اور ان میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع محمد پور گاؤں پہنچنے پر متاثرہ خاندان کے ورثاء اور شیخ برادری میں کہرام مچ گیا اور معصوم بچوں کی نعشیں دیکھ کر متعدد خواتین بے ہوش ہو گئیں ۔آخری ستور لکھے جانے تک کسی بھی شخص نے حدود کی پولیس میں مقدمہ درج نہیں کرایا تھا ۔