حکومت نے رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کی نظربندی کے احکامات واپس لے لیے ،اڈیالہ جیل سے رہا

اتوار 5 اگست 2007 21:00

حکومت نے رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کی نظربندی کے احکامات واپس لے ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2007ء) حکومت نے رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کی نظربندی کے احکامات واپس لے لیے ہیں جس کے بعد انہیں اتوار کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔لال مسجد آپریشن کے بعد کرک سے منتخب رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کو 16ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا تھا۔انہیں 14جولائی تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے حراست میں لے لیا تھاجس کے بعد انہیں اڈیالہ منتقل کردیا گیا تھا۔

شاہ عبدالعزیز نے اپنی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا تھا ان کا موقف تھا کہ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں کیے گئے آپریشن کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد کے لواحقین کی مدد کیلئے ایک خصوصی ادارہ قائم کرنے کی تیاریاں کررہے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شاہ عبدالعزیز ان چند افراد میں شامل تھے جن کا لال مسجد آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے غازی عبدالرشید سے آخری وقت تک رابطہ رہا اور وہ لال مسجد انتظامیہ اور حکومت کے درمیان مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کیلئے کوشاں رہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران شاہ عبدالعزیز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبہ پر سپیکر نے انہیں پیر کے روز اجلاس میں لانے کو کہا تھا۔اسلام آباد انتظامیہ نے اتوار کو شاہ عبدالعزیزکی نظربندی کے احکامات واپس لے لیے جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :