داؤد ابراہیم اور ان کے 2اہم ساتھیوں کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا ہے‘ بھارتی خبر رساں ادارے کا دعویٰ۔ داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں‘ کراچی پولیس کو اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں‘ سٹی پولیس آفیسر اظہر علی فاروقی کی گفتگو

منگل 7 اگست 2007 13:22

داؤد ابراہیم اور ان کے 2اہم ساتھیوں کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے گرفتار ..
نئی دہلی+ کراچی (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07 اگست 2007) بھارتی خبر رساں ادارے نے انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں نے مبینہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور اس کے دو اہم ساتھیوں ٹائیگر میمن اور چھوٹا شکیل کو بلوچستان میں پاک افغان سرحدی علاقے سے گرفتار کرلیا ہے اور اس وقت کراچی میں زیر حراست ہیں۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داؤد ابراہیم اور ان کے دو ساتھی پاک افغان سرحدی علاقے میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق 2003ء میں امریکہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دیئے جانیوالا داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھی یہاں سے اپنا نیٹ ورک چلاتے تھے۔ واضح رہے کہ داؤد ابراہیم پر 1993ء میں ممبئی میں دھماکوں کا الزام ہے۔ کوئٹہ اور کراچی کی پولیس نے رپورٹس کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سٹی پولیس آفیسر اظہر علی فاروقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داؤد ابراہیم کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے اگر داؤد ابراہیم کو گرفتار کیا گیا تو اس حوالے سے کراچی پولیس کو نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ داؤد ابراہیم کی گرفتاری کی خبریں بھارتی ذرائع ابلاغ نے شائع کی ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی اور خفیہ ایجنسی نے داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے تو یہ الگ معاملہ ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نیاز احمد صدیقی نے بھی داؤد ابراہیم کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی پولیس کو اس حوالے سے کوئی علم نہیں ہے۔