امریکی صدارتی امیدوار باراک اوبامہ کا دورہ شکاگو،متنازعہ بیان کے خلاف پاکستانیوں کا مظاہرہ

بدھ 8 اگست 2007 17:52

امریکی صدارتی امیدوار باراک اوبامہ کا دورہ شکاگو،متنازعہ بیان کے خلاف ..
شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2007ء) امریکہ میں آئندہ سال میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حزب مخالف ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ممکنہ امیدوار باراک اوبامہ کی شکاگو میں موجودگی پر پاکستانیوں نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ شکاگو میں اوبامہ کے خلاف یہ احتجابی مظاہرہ ان کے متنازعہ بیان کے بعد ان کے خلاف اپنی نوعیت کا امریکہ میں پاکستانیوں اور جنوبی ایشیائی شہریوں کا پہلا احتجاجی مظاہرہ تھا جس میں ڈیموکریٹک سیاستدان اور نائب میئر برنی اسٹون بھی شریک ہوئے۔

پاکستانیوں کی طرف سے یہ مظاہرہ منگل کی شام شکاگو میں جنوبی ایشیائی شہریوں کے مشہور علاقے دیوان ایونیو پر ایک ریستوران میں ان کے اعزاز میں دئیے گئے ایک استقبالیے کے دوران ان کے (باراک اوبامہ کے) اس تازہ لیکن متنازعہ بیان کے خلاف ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ امریکہ کا منصب صدارات سنبھالنے کے بعد پاکستان میں القاعدہ کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستانی صدر سے پوچھے یا پوچھے بغیر پاکستان پر حملہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شکاگو کے مشہور شاعر اور جنگ مخالف سرگرم کارکن افتخار نسیم نے برطانوی نشریاتی ادارے کوبتایا کہ یہ مظاہرہ انہوں نے اس وقت منظّم کیا جب مشہور دیوان ایوینیو پرڈیموکریٹک پارٹی کے ممکنہ امیدوارا اور شکاگو ایریا سے منتخب سینیٹر باراک اوبامہ کو ایک ایشیائی ریستوران میں کچھ پاکستانی اور ہندوستانی امریکیوں کی طرف سے استقبالیہ دیا جارہا تھا۔

اوبامہ کے استقبالیے سے باہر پاکستانی امریکیوں اور تارکینِ وطن کے علاوہ ہندوستانیوں اور امریکیوں کی بھی ایک تعداد جمع ہوگئی جن میں شکاگو کے ایلڈر مین اور نائب میئر برنی اسٹون بھی باراک اوبامہ اور ان کے بیان کے خلاف مظاہرین میں شامل تھے۔ شکاگو کے معروف سیاستدان برنی اسٹون کا تعلّق اوبامہ کی ہی ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔مظاہرین ’پاکستان ہمارا دشمن نہیں،، ’جنگ جواب نہیں، اور اوبامہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے اور انہوں نے احتجاجی نعروں کے تحریری کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین باراک اوبامہ سے پاکستان پر ان کے حملے والی بات پر مبنی بیان واپس لینے کا مطالبہ کررہے تھے۔افتی نسیم نے بتایا کہ استقبالیے کے منتظمین اور اوبامہ کی مہم کے ذمہ داران انہیں اور ان کے ساتھی مظاہرین کو اوبامہ سے بات کرنے استقبالیے میں شامل ہونے کے لیے بلاتے رہے جبکہ احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ تھا کہ مسٹر اوبامہ ان سے باہر آ کر ملاقات کریں۔

افتی نسیم نے کہا کہ ’جب اوبامہ چندہ لینے کے لیے پاکستانیوں کے دروں پر جا سکتا ہے تو اس کے بیان سے دل دکھی کیے ہوئے پاکستانیوں سے ملنے اپنے استقبالیے سے باہر کیوں نہیں آ سکتا تھا،۔شکاگو کے نائب میئر اور ایلڈر مین برنی اسٹون نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں امریکہ کا سب سے قریبی اتحادی اور دوست ملک ہے اور اس پر حملے کی دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔

منگل کی شب شکاگو کے مشہور دیوان ایوینیو پر امریکی انتخابات 2008 کے ممکنہ صدارتی اامیدواروں کے آٹھ مختلف فنڈ ریزنگ اور استقبالیے ہو رہے تھے جن میں ڈیموکریٹیک پارٹی کی سینیٹر ہیلری کلنٹن بھی شامل تھیں۔بی بی سی نے باراک اوبامہ کی مہم کے ترجمان سے باراک اوبامہ کے خلاف شکاگو میں پاکستانیوں کے مظاہرے اور ان کے مبینہ متنازعہ بیان کے خلاف رد عمل پر ان کا موٴقف جاننے کے لیے ای میل پر رابطہ کیا لیکن منگل کی رات تک کوئی جواب نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :