بغداد ، امریکی و عراقی افواج کا31مزاحمت کاروں کی ہلاکت اور12کو گرفتارکرنے کا دعویٰ ، ہلاک شدگان اور گرفتار افراد کا تعلق ایران سے اسلحہ سمگل کرنے میں مدد دینے والے خصوصی گروپ سے ہے، امریکہ کا الزام

بدھ 8 اگست 2007 20:55

بغداد ، امریکی و عراقی افواج کا31مزاحمت کاروں کی ہلاکت اور12کو گرفتارکرنے ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔ 2007ء) امریکی و عراقی افواج نے دارالحکومت بغداد میں کارروائیوں کے دوران31مزاحمت کاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔امریکی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیعہ اکثریتی علاقے صدر سٹی میں مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن کے دوران طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری سے 31دہشت گرد ہلاک ہو گئے اس دوران زمینی کارروائی کرتے ہوئے افواج نے 12افراد کو گرفتار بھی کرلیا ۔

سٹی صدر کے واقعہ کے بارے میں امریکی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس چھاپے کے دوران پکڑے جانے والے اور ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک ایسے خصوصی گروپ سے ہے جو ایران سے اسلحہ سمگل کرنے میں مدد کے علاوہ دہشت گردی کی تربیت کے لیے عراق سے لوگوں کو ایران بھیجنے میں مدد دیتا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

یہ ہلاکتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے ایرانی حکام کے ساتھ سکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کی ہے۔ایران میں عراق کے سفیر محمد مجید الشیخ نے کہا کہ عراق میں سکیورٹی کو بہتر بنانے میں ایران کو بہت اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی بہتر بنانے کے علاوہ دونوں ملکوں کے دمیان طویل سرحد کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی عراق کو ایرانی مدد درکار ہے۔

حال ہی میں امریکہ نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ عراق میں مزاحمت کاروں کی مدد میں اضافہ کر رہا ہے ایران ہمیشہ سے اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔صدر سٹی کے علاقے کے پولیس حکام نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹروں اور بکتر بندگاڑیوں سے کی جانے والی بمباری میں 2 عورتوں سمیت9 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ بمباری کے بعد سینکڑوں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور اس حملے کے خلاف احتجاج کیا۔یہ لوگ بغداد میں شیعوں کے ایک بڑے اجتماع کے لیے جمع ہیں جس میں توقع ہے کہ ہزاروں زائرین شرکت کریں گے۔ اس دوران بغداد میں تین دن کا کرفیو لگا دیا گیا ہے اور شہر میں کئی مقامات پر جانج پڑتال کے لیے نئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :