پیرو میں شدید زلزلے سے 150 افراد ہلاک‘ 1200 سے زائد زخمی‘ ہزاروں بے گھر۔سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں‘ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ۔ گوئٹے مالا‘ میکسیکو‘ پاناما‘ کوسٹاریکا‘ ہوائی‘ کولمبیا‘ ایکواڈور اور چلی میں بھی سونامی وارننگ جاری۔(اپ ڈیٹ)

جمعرات 16 اگست 2007 12:58

پیرو میں شدید زلزلے سے 150 افراد ہلاک‘ 1200 سے زائد زخمی‘ ہزاروں بے گھر۔سینکڑوں ..
لیما(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16 اگست 2007) لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں زلزلے کے شدید جھٹکے‘ ایک سو پچاس سے زائد افراد ہلاک اور بارہ سو سے زائد زخمی‘ سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے‘ جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے‘ زلزلے سے بلند عمارات اور درجنوں مکانات تباہ ہوگئے جبکہ بجلی ‘ پانی اور مواصلات کا نظام تباہ ہوگیا ۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیرو میں شدید زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر بالترتیب 7.9 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی جن کا دورانیہ بیس سیکنڈ سے زائد تھا ۔ زلزلے کا مرکز دارالحکومت لیما سے 46کلومیٹر کے فاصلے پر تھا جبکہ علاقے میں آفٹر شاکس لگاتار محسوس کئے جارہے ہیں۔ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس سے عمارتیں لرز اٹھیں جبکہ پانی‘ بجلی اور مواصلات کا نظام شدید متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

زلزلے سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دفتروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ایک سو پچاس سے زائد افراد ہلاک اور بارہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ سینکڑوں افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا خدشہ ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں درجنوں مکانات بھی تباہ ہوگئے اور سینکڑوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ پیرو میں زلزلے کے بعد گوئٹے مالا‘ میکسیکو‘ پاناما‘ کوسٹاریکا‘ ہوائی‘ کولمبیا‘ ایکواڈور اور چلی میں بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :