پیرو میں شدید زلزلے سے 510افراد ہلاک،1500 سے زائد زخمی، ہزاروں لاپتہ ،تاریخی چرچ سمیت سینکڑوں بلند و بالا عمارات اور ہزاروں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، بجلی ، پانی اور مواصلات کا نظام درہم برہم، ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، زلزلے کی شدت 7.9ریکارڈ کی گئی، گوئٹے مالا، میکسیکو، پاناما، کوسٹاریکا، ہوائی، کولمبیا، ایکواڈور اور چلی میں بھی سونامی وارننگ جاری۔اپ ڈیٹ

جمعرات 16 اگست 2007 19:51

پیرو میں شدید زلزلے سے 510افراد ہلاک،1500 سے زائد زخمی، ہزاروں لاپتہ ،تاریخی ..
لیما(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2007ء) لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں زلزلے کے شدید جھٹکے، پانچ سو دس سے زائد افراد ہلاک اور پندرہ سو سے زائد زخمی، ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے، زلزلے سے تاریخی چرچ سمیت سینکڑوں بلند عمارات اور ہزاروں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ بجلی ، پانی اور مواصلات کا نظام تباہ ہوگیا ۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیرو میں شدید زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر بالترتیب 7.9 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی جن کا دورانیہ بیس سیکنڈ سے زائد تھا ۔ زلزلے کا مرکز دارالحکومت لیما سے 46کلومیٹر کے فاصلے پر تھا جبکہ علاقے میں آفٹر شاکس لگاتار محسوس کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس سے عمارتیں لرز اٹھیں جبکہ پانی، بجلی اور مواصلات کا نظام شدید متاثر ہوا۔

زلزلے سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دفتروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں پانچ سو دس سے زائد افراد ہلاک اور پندرہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہزاروں افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا خدشہ ہے۔

زلزلے کے نتیجے میں درجنوں مکانات بھی تباہ ہوگئے اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ پیرو میں زلزلے کے بعد گوئٹے مالا، میکسیکو، پاناما، کوسٹاریکا، ہوائی، کولمبیا، ایکواڈور اور چلی میں بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پیرو کے جزیرہ نما شہر ایوانگ میں1970 میں شدید زلز زلزلے سے پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔