قندھار میں امریکی سیکیورٹی کمپنی کے قافلے پر خود کش حملہ12اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی،حملے میں 4 گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، ہلمندمیں اتحادی افواج کا 12طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

ہفتہ 18 اگست 2007 12:36

قندھار میں امریکی سیکیورٹی کمپنی کے قافلے پر خود کش حملہ12اہلکاروں ..
قندھار/ہلمند (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2007ء) افغانستان کے صوبے قندھار میں امریکی سیکیورٹی کمپنی کے قافلے پر خود کش کار بم حملہ12 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 16افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں ۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ ہلمند میں اتحادی افواج نے 12 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں امریکی پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کے قافلے پر خود کش کار بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 16افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔

قندھار کے پولیس سربراہ محمد جان نے بتایا کہ ہفتے کے روز ایک خود کش کار حملہ آور نے اپنی گاڑی کو اس وقت امریکی پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کے قافلے سے ٹکرا دیا جب پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کے اہلکار گاڑیوں پر سوار ہوکر ڈیوٹیوں پر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

حملے کے وقت سڑک پر عام شہری بھی گز رہے تھے ۔ بم دھماکے کا نشانہ بنے۔ انہوں نے بتایا کہ خود کش بم دھماکے میں 5پولیس اہلکار اور 7 پرائیویٹ کمپنیوں کے سیکیورٹی گارڈ ، 3خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ 12 سیکیورٹی اہلکار اور 14 شہری زخمی ہوئے ہیں زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو اس وقت وہاں سے گزر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ بم دھماکے سے 4 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر افغانستان کے صوبے ہلمند میں اتحادی افواج اور افغان پولیس کا ایک قافلہ معمول کی گشت پر تھا کہ طالبان جنگجوؤں نے حملہ کر دیا جوابی کارروائی میں 12 طالبان کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جھڑپ میں 3 افغان پولیس اہلکار اور ایک اتحادی فوجی معمولی زخمی ہوئے ۔