مولانا حسن جان ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک، مشتعل افراد نے شیر پاؤ اور اکرم خان درانی کو نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا،وزیراعلیٰ سرحد پر بعض مشتعل افراد کا پتھراؤ، پولیس اہلکاروں نے حصار میں لیکر نکال دیا ، کشیدہ صورت حال کے باعث متعدد اہم شخصیات نماز جنازہ کی ادائیگی سے محروم رہیں۔تفصیلی خبر

اتوار 16 ستمبر 2007 13:15

مولانا حسن جان ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک، مشتعل افراد ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2007ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و فاق المدارس کے نائب صدر اور سابق رکن قوی اسمبلی مولانا حسن جان مدنی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ قیوم سٹیڈیم میں ادا کی گئی ۔ شیر پاؤ اور اکرم درانی کو شرکت سے روک دیا گیا ، مشتعل افراد کی وزیر اعلیٰ سرحد پر پتھراؤ ، شدید نعرے بازی ، کشیدہ صورت حال کے باعث نماز جناز کی ادائیگی میں کافی تاخیر ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے شہید ہونے والے رہنما اور وفاق المدارس کے نائب صدر ،سابق رکن قومی اسمبل مولانا حسن جان کی نماز جنازہ پشاور کے قیوم اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی جبکہ وزیر داخلہ آفتاب شیر پاوٴ اور وزیر اعلیٰ سرحد اکر م خان درانی کو مشتعل افراد نے نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں شرکت کے لئے اسٹیڈیم میں ہزاروں افرا د اندر اور باہرموجو دتھے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ جب پشاور کے قیوم اسٹیڈیم میں پہنچے تو لوگ مشتعل ہو گئے اور شدید نعرے بازی شروع کردی ،پولیس نے وزیر داخلہ کو گھیرے میں لے لیا۔ان کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔وہ نماز جنازہ میں شرکت کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ مشتعل افراد نے ان کی اسٹیڈیم میں موجودگی کے شبہ میں اطراف میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔اس موقع پر منتظمین کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ کوئی سرکاری اہلکار میدان میں موجود نہیں تاہم مجمع کو کنٹرول کرنا مشکل نظر آرہا تھا۔

مشتعل مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سرحد اکرم خان درانی پر بھی پتھراوٴ کیا اور نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا۔ کشیدہ صورتحال کے باعث متعدد اہم شخصیات نماز جنازہ میں شر کت نہیں کر سکیں جبکہ نماز جنازہ ایک طرف ادا کئے جانے سے ہزاروں افراد بھی شرکت سے محروم رہے اور صر ف میت کے قریب موجود لوگوں نے نماز جنازہ کی ادئیگی کی۔ اس صورتحال کے باعث نماز جنازہ کی ادائیگی میں تاخیرہوئی۔ مولانا حسن جان پشاور کی سب سے بڑی مسجد ،مسجد درویش کے خطیب بھی تھے۔ وہ گزشتہ روز یہاں ایک نکاح کی تقریب میں شرکت کیلئے وزیرباغ گئے تھے۔ افطاری کے وقت مولانا جب نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد جا رہے تھے تو نامعلوم کار سواروں نے انہیں گاڑی سے نکال کر اندھا دھند فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔