لیگ کے 30ارکان اسمبلی نے پی پی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود ، چوہدری برادران صدر کو الجھا کر ایمرجنسی لگوانا چاہتے ہیں، وفود سے بات چیت

پیر 17 ستمبر 2007 12:41

خیرپورٹامیوالی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2007ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر ممبر قومی اسمبلی مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ق لیگ کے مزید 30 اراکین اسمبلی قومی و صوبائی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطے کئے ہیں آئندہ چند روز بعد عوام خوشخبری سنے گی ملکی سطح پر اہم تبدیلیاں متوقع ہیں وہ گزشتہ روز امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری افتخاراحمد چیمہ اور دیگر سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دو ران اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی 18اکتوبر کو شاندار استقبال سے ہوگی کراچی ایئر پورٹ پر پیپلز پارٹی کا لاکھوں افراد پر مشتمل قافلہ ان کا استقبال کرے گا بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی سے عوام کو حقیقی جمہوریت ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پر مشکل وقت آن پڑا ہے مشرف کے ساتھ اختلافات ہیں وہ آئین کے تحت فوجی عہدہ چھوڑنے کے دو سال بعد تک الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے یہ معاملہ عدالت عظمی حل کرے گی ۔

پاکستان میں کئی جرنیل آئے اور اقتدار سے الگ کردیئے گئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، گرانفروشی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لاقانونیت کا راج ہے حکومت ان سب چیزوں پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف جب وردی اتارنے کا ارادہ کرتے ہں تو اس و قت ق لیگ ڈھال بن جاتے ہیں چوہدری برادران کو معلوم ہوچکا ہے اقتدار ان کا آخری موقع ہے وہ پرویز مشرف کو وردی کے چکر میں الجھا کر ایمرجنسی کا نفاذ چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وردی کے ساتھ پرویز مشرف کی شدید مخالفت کرتی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ہم جمہوریت پسند ہیں آمریت کو ہر گز قبول نہیں کرتے۔

متعلقہ عنوان :