حلف سے پہلے وردی اتارنے کے تاریخی فیصلے سے جمہوریت مستحکم ہو گی، وزیراعظم شوکت عزیز ،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہیں، وزیراعظم کی چوہدری شجاعت، چوہدری امیر حسین اور نصر اللہ دریشک سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2007 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کی جانب سے دوبارہ صدر منتخب ہونے اور حلف سے پہلے وردی اتارنے کے تاریخی فیصلے سے جمہوریت کو مزید استحکام حاصل ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری امیر حسن اور نصر اللہ دریشک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں شوکت عزیز سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کرنے جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ کی حکومت نے اپنی مدت اقتدار کے دوران ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام دیا۔ اب ضروری ہے کہ پاکستان کو مزید آگے لے جانے کیلئے پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار کھا جائے۔ شوکت عزیز نے کہا حکومت آزادی اظہار رائے پر پورا یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ اپنے ممبران کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس پر وہ اپنی رائے کا کھل کا اظہار کر سکتے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین کے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کیلئے اقدام اٹھانے پر حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدام کے باعث گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے وزیراعظم نے بتایا اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو سخت اقدام اٹھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا سیاسی جماعتوں سے رابطے جمہوری نظام کا خاصہ ہیں۔ یہ رابطے ملک اور جمہوریت کیلئے ہیں۔ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ انتخابات میں ایسے عناصر کو ووٹ نہیں دینگے۔ جو ملکی ترقی کے تسلسل کیخلاف ہیں۔ انہوں نے بتایا مسلم لیگ (ق) انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔