عراق میں اقوام متحدہ کا عملہ بڑھانے کا فیصلہ نہ ہوسکا، بغداد میں یو این او کا علاقائی سپورٹ آفس قائم کرنے کا اعلان۔۔۔نیویارک میں عراق کے حوالے سے عالمی کانفرنس ختم

اتوار 23 ستمبر 2007 12:57

عراق میں اقوام متحدہ کا عملہ بڑھانے کا فیصلہ نہ ہوسکا، بغداد میں یو ..
بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2007) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اعلان کیا ہے کہ عراق میں علاقائی سپورٹ آفس قائم کیا جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ عراق میں اقوام متحدہ کے عملے میں اضافے سے پہلے سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنانا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے نیویارک میں عراق کی تعمیر نو کے حوالے سے عالمی کانفرنس کے بعد عراقی وزیراعظم نوری المالکی کیساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

بان کی مون کاکہناتھاکہ علاقائی سپورٹ آفس کا فریم ورک اور دیگر تفصیلات اکتوبر میں ترکی میں‌مجوزہ وزارتی اجلاس میں طے کی جائیں گی۔ انہوں‌نے کہا کہ سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں‌عرق کے دیگر شہروں اربیل اور بصرہ میں بھی اقوام متحدہ کا عملہ مقرر کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے اس موقع پر کہا کہ عراق میں صورتحال بہتر ہورہی ہے اور قومی مصالحت کے حوالے سے بھی کوششیں جاری ہیں۔

ادھر امریکی وزیرخارجہ کونڈو لیزا رائس نے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی سیکورٹی صورتحال مشکل ہے تاہم اس میں بہتری آرہی ہے۔ اس سے پہلے اجلاس کے دوران عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراق میں اقوام متحدہ کا کردار بڑھایا جائے اور اس حوالے سے عالمی برادری مکمل تعاون کرے ۔ جبکہ امریکہ کی طرف سے بھی اقوام متحدہ کا کردار بڑھانے پر زور دیا گیا۔