نواز شریف عیدالفطر کے بعد پاکستان میں ہوں گے۔ شہباز شریف۔حکمران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں، موجودہ حکومت ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی ہارس ٹریڈنگ میں مصروف ہے، مولانا فضل الرحمان باشعور سیاستدان ہیں وہ کبھی غلط فیصلہ نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن کے صدر کی رانا ثناء اللہ سے ٹیلیفونک گفتگو

اتوار 23 ستمبر 2007 18:19

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2007 ) پاکستان مسلم لیگ نے کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف عیدالفطر کے بعد پاکستان میں ہوں گے اور وہ مسلم لیگ ن کی طرف سے دی جانے والی عید ملن پارٹی میں شرکت کریں گے، حکمران صدارتی الیکشن کیلئے ملک میں بڑی ہارس ٹریڈنگ میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اربوں روپے الگ کر لئے ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، حکمران اتنا ظلم کریں جتنا وہ برداشت کر سکیں، چوہدری برادران کی جان وردی والے طوطے میں ہے، عوام اب آمریت کو مزید برداشت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان باشعور سیاستدان ہیں وہ کبھی غلط فیصلہ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن پنجاب کے متوقع سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ خان سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی ہارس ٹریڈنگ کرنے میں مصروف ہے انہوں نے ق لیگ کے ناراض ارکان اور دوسرے ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے پانچ ارب روپے الگ کر لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کو مضبوط رکھنے کیلئے اپنے قریبی رفقاء کو ترقی دے کر اہم عہدوں پر فائز کر دیا ہے تاکہ جنرل مشرف اگر صدارت کا ووٹ لینے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کے یہ ساتھی مکمل طور پر ان کا ساتھ دیتے ہوئے مارشل لاء یا ایمرجنسی لگانے میں ان کا ساتھ دیں گے مگر آمر حکمران ایک بات ذہن نشین کر لے کہ پاکستانی عوام اب آمریت کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ باشعور سیاستدان ہیں وہ کبھی غلط فیصلہ نہیں کر سکتے اسٹیبلشمنٹ ان کے بارے میں غلط افواہیں پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کی حمایت کرنے والا جو بوئے گا وہی کاٹے گا صدارتی الیکشن میں جنرل مشرف کو صرف پنجاب میں سے 13 ووٹ کم ملیں گے تاہم دھاندلی کے باعث خفیہ رائے شماری میں یہ تعداد زیادہ ظاہر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 3ایم پی او کے تحت مسلم لیگ ن کے لیڈران کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں جنرل مشرف اتنا ہی ظلم کریں جتنا وہ کل خود برداشت کر سکیں۔ چوہدری برادران کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی جان وردی کے طوطے میں ہے اور اب عوامی پریشر اور دباؤ اس طوطے کو وردی سے آزاد کر ہی رہے گا پنجرہ کھلتے ہی طوطا آزاد ہو جائے گا اور اس کے تمام پجاری سیاسی موت مر جائیں گے۔

وزیراعظم شوکت عزیز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی سٹی بنک سے چھٹیاں ختم ہو گئی ہیں انہیں مزید چھٹیاں نہیں ملی رہی ہیں انہوں نے واپسی کیلئے سامان کی پیکنگ شروع کر دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عیدالفطر کے بعد میاں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے اور وہ مسلم لیگ ن کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی میں شرکت کریں گے۔